Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکٰوۃ المصابیح جلد ہشتم
23 - 952
حدیث نمبر 22
روایت ہے حضرت عمرو ابن قیس ۱؎ سے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہم آخری ہیں اور ہم قیامت کے دن اول ہوں گے۲؎  اور میں ایک بات کہتاہوں مگر فخر نہیں کہ ابراہیم علیہ السلام الله کے خلیل ہیں،موسیٰ علیہ السلام الله کے برگزیدہ ہیں۳؎ اور میں الله کا محبوب ہوں قیامت کے دن حمد کا جھنڈا میرے پاس ہوگا۴؎ الله نے مجھے میری امت کے بارے میں وعدہ فرمالیا ہے اور انہیں تین آفتوں سے امان دی ہے ان پر عام قحط نہ بھیجے گا،انہیں کوئی دشمن جڑ سے نہ اکھیڑے گا،انہیں گمراہی پر جمع نہ کرے گا۵؎ (دارمی)
شرح
۱؎  آپ کا نام عبدالله ابن ام مکتوم ہے،آپ کے والد کا نام قیس ماں کا نام عاتکہ ہے جو حضرت خدیجۃ الکبریٰ کی خالہ ہیں، آپ مشہور صحابی ہیں،نابینا تھے،حضور انور نے بہت موقعوں پر مدینہ منورہ کا خلیفہ وقتی آپ کو بنایا،قوی یہ ہے کہ عہد فاروقی میں قادسیہ میں شہید ہوئے۔

۲؎ یعنی دنیا میں سب نبیوں سے آخر ہمارا ظہور ہوا،کتاب آخری یعنی قرآن ہم کو ملی،آخری کلمہ ہمارا جاری ہوا،آخری ملت آخری امت ہماری ہے،قیامت میں ہر جگہ اولیت کا سہرا ہمارے سر ہوگا،اول شفیع ہم،جنت میں پہلے داخلہ ہمارا پھر دوسرے نبیوں کا،ساری امتوں میں پہلے ہماری امت جنت میں جاوے گی پھر دوسری امتیں۔غرضکہ"ہُوَ الْاَوَّلُ وَ الْاٰخِرُ"مخلوق میں ہم ہیں اس کی تحقیق ہماری کتاب شان حبیب الرحمن میں ملاحظہ کرو۔

۳؎ یہاں صفی لغوی معنی میں ہے یعنی چنے ہوئے جنہیں الله تعالٰی نے اپنے کلام کے لیے چن لیا ورنہ صفی الله حضرت آدم علیہ السلام کا لقب ہے آپ کا لقب کلیم الله ہے۔

۴؎  ان تمام فرمانوں کی شرح ابھی کچھ پہلے ہم عرض کرچکے ہیں۔حمد سے مراد یا تو حامدیت ہے کہ سب سے زیادہ حمد الٰہی حضور کریں گے اس لیے آپ کا نام پاک احمد ہے،یا مراد محمودیت ہے کہ اس دن سب سے زیادہ حمد حضور ہی کی ہوگی اسی لیے آپ کا نام پاک محمد ہے صلی الله علیہ وسلم۔محمودیت کا ظہور دنیا میں بھی ہو رہا ہے،جتنی حمدوثناء حضور کی ہوئی اور ہو رہی ہے اتنی کسی کی نہ ہوئی،ہر زبان میں آپ کے نعتیہ قصیدے بھی ہیں اور نعتیہ کلام بھی۔

۵؎ یعنی میری امت میں اختلافات ہوں گے مگر سارے گمراہ نہ ہوں گے ایک جماعت ضرور حق پر رہے گی،وہ ہی سب پر غالب ہوگی،سواد اعظم یعنی بڑا گروہ وہ ہی ہوگا۔
حدیث نمبر 23
روایت ہے حضرت جابر رضی الله عنہ سے کہ نبی صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا میں رسولوں کا پیش رو ہوں ۱؎ فخریہ نہیں کہتا میں نبیوں میں آخری ہوں،فخریہ نہیں کہتا میں پہلا شفاعت والا اور مقبول الشفاعت ہوں فخریہ نہیں(دارمی)
شرح
۱؎  قائد بنا ہے قود سے بمعنی کھینچنا کہ چلانے والا آگے ہو چلنے والا پیچھے ،سائق کے معنی ہیں ہانکنا کہ چلانے والا پیچھے ہو چلنے والا آگے،حضور جنت میں سب نبیوں سے پہلے جائیں گے اور سارے نبی حضور کے پیچھے پیچھے ہوں گے اس لحاظ سے حضور قائد المرسلین ہیں۔
Flag Counter