روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں کہ میں اپنی ماں کو اسلام کی طرف بلاتا تھا وہ مشرکہ تھی ایک دن میں نے اسے دعوت دی ۱؎ تو اس نے مجھے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کے متعلق و ہ باتیں سنائیں جو میں ناپسند کرتا ہوں ۲؎ تو میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت میں روتا ہوا گیا میں نے عرض کیا یا رسول اﷲ رب سے دعا فرمائیں کہ وہ ابوہریرہ کی ماں کو ہدایت دے حضور نے کہا اے اﷲ ابوہریرہ کی ماں کو ہدایت دے تومیں خوشی خوشی نکلا حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی دعا سے ۳؎ تو جب میں دروازے تک پہنچا تو وہ بند تھا ۴؎ میری ماں نے میرے قدموں کی آہٹ سنی تو بولیں اے ابوہریرہ وہاں ہی رہو اور میں نے پانی کی چھلک سنی انہوں نے غسل کیا پھر اپنی قمیص پہنی اور اپنے دوپٹہ سے جلدی کی ۵؎ دروازہ کھولا پھر بولیں اے ابوہریرہ میں گواہی دیتی ہوں کہ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں اور گواہی دیتی ہوں کہ محمد اﷲ کے بندے اور اس کے رسول ہیں تو میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف لوٹا میں خوشی سے رورہا تھاحضور نے اﷲ کا شکر کیا اور دعا خیر کی ۶؎(مسلم)