Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکٰوۃ المصابیح جلد ہشتم
133 - 952
حدیث نمبر133
روایت ہے حضرت سعد ابن ابی وقاص سے فرماتے ہیں میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کے داہنے بائیں احد کے دن دوشخصوں کو دیکھا جن پر سفید سفید کپڑے تھے ۱؎  جو سخت جنگ کر رہے ہیں میں نے ان دونوں کو نہ تو پہلے دیکھا تھا نہ بعد میں دیکھا ۲؎ یعنی جبریل و میکائیل ۳؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎  اس جملہ کے دو معنی ہوسکتے ہیں: ایک یہ کہ حضور کے داہنے طرف ایک شخص تھا اور بائیں ایک،کل ملا کر دو شخص۔ دوسرے یہ کہ داہنے بائیں دو دو شخص تھے کل چار۔دوسری صورت میں علیھما کی ضمیر جنس کی طرف ہے یعنی داہنے والے دونوں پر اور بائیں والے دونوں پر لباس تھے۔(مرقات)

۲؎  یعنی اس شکل و صورت میں ان دونوں کو کبھی نہیں دیکھا ورنہ یہ فرشتے بارہا حضور کی خدمت میں حاضر ہوتے تھے اور حضرات صحابہ ان کو دیکھا کرتے تھے مگر آج ایک نئی شکل میں تھے۔

۳؎  یہ تفسیرحضرت سعد ابن ابی وقاص کی اپنی ہے۔غالبًا حضور انور سے سن کر فرما رہے ہیں اگر چار فرشتے دیکھے تھے تو داہنے ہاتھ ایک حضرت جبریل دوسرا فرشتہ ان کا ماتحت،اسی طرح بائیں طرف ایک تو حضرت میکائیل تھے دوسرا ان کا ماتحت،افسر کا ذکر کیا ماتحت کا ذکر نہیں کیا۔
Flag Counter