پیارے اسلامی بھائیو!
اس حقیقت سے کسی مسلمان کو انکار نہیں ہوسکتا کہ مختصر سی زندگی کے ایام گزارنے کے بعدہر ایک کو اپنے پروردگار عزوجل کی بارگاہ میں حاضر ہوکر تمام اعمال کا حساب دینا ہے۔جس کے بعد رحمتِ الٰہی عزوجل ہماری طرف متوجہ ہونے کی صورت میں جنت کی اعلیٰ نعمتیں ہمارا مقدر بنیں گی یا پھر گناہوں کی شامت کے سبب جہنم کی ہولناک سزائیں ہمارا نصیب ہوں گی۔ (والعیاذ باللہ )
لہٰذا !اس دنیاوی زندگی کی رونقوں،مسرتوں ،اوررعنائیوں میں کھوکر حساب آخرت کے بارے میں غفلت کا شکار ہوجانا یقینا نادانی ہے ۔یاد رکھئے! ہماری نجات اسی میں ہے کہ ہم رب ِ کائنات عزوجل اور اس کے پیارے حبیب صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنے لئے نیکیوں کا ذخیرہ اکٹھا کریں اور گناہوں کے ارتکاب سے پرہیز کریں۔اس مقصدِ عظیم میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے دل میں خوفِ خدا عزوجل کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے ۔ کیونکہ جب تک یہ نعمت حاصل نہ ہو ' گناہوں سے فرار اور نیکیوں سے پیار تقریباً ناممکن ہے۔ اس نعمتِ عظمیٰ کے حصول میں کامیابی کی خواہش رکھنے والے اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کے لئے درجِ ذیل سطور کامطالعہ بے حد مفید ثابت ہوگا۔ان شاء اللہ عزوجل