Brailvi Books

خوف خدا عزوجل
101 - 161
''ٹھیک ہے میں تمہاری مدد کروں گا لیکن اس شرط پر کہ تم اپنا آپ میرے حوالے کردو۔''یہ جواب سن کروہ عورت خاموشی سے گھر واپس آگئی ۔ گھر پہنچ کر اس نے دیکھا کہ بچے بھوک کی شدت سے چلاّ رہے ہیں اورکہہ رہے ہیں،''اے امی جان! ہم بھوک سے مرے جارہے ہیں ، ہمیں کھانے کو کچھ دیجئے ۔'' بچوں کی یہ حالت دیکھ کر وہ مجبوراً دوبارہ اس تاجر کے پاس گئی اور اسے اپنی مجبوری بتائی ۔ اس تاجر نے پوچھا ، ''کیا تمہیں میرا مطالبہ منظور ہے ؟''اس عورت نے کہا،''ہاں!''

    جب وہ دونوں تنہائی میں پہنچے اور مرد نے اپنا مقصد پورا کرنا چاہا تو وہ عورت تھرتھر کانپنے لگی ،قریب تھا کہ اس کے جسم کے جوڑ الگ ہوجائیں۔ اس کی یہ حالت دیکھ کر تاجر نے دریافت کیا ،''یہ تجھے کیا ہوا؟'' عورت نے جواب دیا،''مجھے اپنے رب تعالی کا خوف ہے۔''یہ سن کر تاجر نے کہا،''تم فقر وفاقہ کی حالت میں بھی اللہ تعالیٰ سے ڈرتی ہو ،مجھے تو اس سے بھی زیادہ ڈرنا چاہيے۔'' چنانچہ وہ گناہ کے ارادے سے باز آگیا اور اس عورت کی ضرورت پوری کر دی ۔ وہ عورت بہت سارا مال لے کر اپنے بچوں کے پاس آئی اور وہ خوش ہو گئے۔ 

    اللہ تعالیٰ نے حضرت سَیِّدُنا موسی عليہ السلام کو وحی بھیجی کہ'' فلاں ابن فلاں کو بتا دیں کہ میں نے اس کے تمام گناہ بخش دئيے ہیں ۔'' حضرت موسٰی عليہ السلام یہ پیغام لے کر اس آدمی کے پاس پہنچے اور اس سے پوچھا ،''شاید تو نے کوئی ایسی نیکی کی ہے جو تجھے یا تیرے رب کو معلوم ہے۔''اس شخص نے سارا واقعہ آپ کو بتادیا تو آپ نے اسے بتایاکہ،'اللہ تعالیٰ نے تیرے تمام گناہوں کی مغفرت کر دی ہے ۔''
 (مکاشفۃ القلوب ،ص۱۱)
Flag Counter