اَہلِ بَیت سے مَحَبّت کی فضیلت
سرکارِاَبَدقرار،شفیعِ روزشُمار،دوعالَم کے مالِک ومُختار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ایک روز امامِ حسن وحُسینرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا: ’’جو مجھے دوست رکھتا ہے اورساتھ ہی اِن کواوراِن کے والِدَین کو بھی محبوب رکھتاہے وہ بروزِقِیامت میرے ساتھ ہوگا۔‘‘
(مسند احمد بن حنبل ج۱ص۱۶۸حدیث۵۷۶)
مصطفی عزَّت بڑھانے کے لئے تعظیم دیں
ہے بلند اِقبال تیرا دُودمانِ ۱؎ اہلِ بیت(ذوقِ نعت)(۱؎ خاندان)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! جسے اہلِ بیت کی مَحَبَّت مل جائے اُسے دونوں جہاں کی عزَّت مل جائے گی، آخِرت میں رسولِ رَحمت، شفیعِ اُمّت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی رفاقت مُیَسَّر آئے گی اوراہلِ بیت کے صدْقے اُس کی بخشش ومَغْفِرَتہو جائے گی۔ اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ
اُن دو کا صدْقہ جن کو کہا میرے پھول ہیں
کیجے رضاؔ کو حشر میں خنداں مثالِ گل(حدائقِ بخشِش شریف)
شرحِ کلامِ رضاؔ:یَا رَسُوْلَ اللہِ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ! آپ نے فرمایا ہے:اِنَّ الْحَسَنَ وَالْحُسَیْنَ ہُمَا رَیْحَانَتَایَ مِنَ الدُّنْیَا۔’’حسن و حسین رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَادونوں میرے پھول ہیں‘‘