Brailvi Books

کراماتِ عثمان غنی
21 - 30
آنکھوں میں آگ بھر دی جائے گی
	بدنگاہی سے بچنا بے حدضَروری ہے ورنہ خدا کی قسم! عذاب برداشت نہیں ہو سکے گا ۔ منقول ہے:’’جو کوئی اپنی آنکھوں کو نظرِحرام سے پُر کرے گا قِیامت کے روز اُس کی آنکھوں میں آگ بھر دی جائے گی۔‘‘ 			(مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب ص۱۰ )
آگ کی سَلائی
    فلمیں ڈرامے دیکھنے والوں ، نامحرموں اور اَمردوں کے ساتھ بدنگاہی کرنے والوں کے لئے لمحۂ فکریہ ہے، سنو!سنو!حضرتِ سیِّدُنا عَلّامہ ابنِ جوزی رَحْمَۃُاللہِ تعالٰی علیہ نَقْل کرتے ہیں :عورت کے مَحاسِن ( یعنی حُسن و جمال ) کو دیکھنا ابلیس کے زَہر میں بُجھے ہوئے تیروں میں سے ایک تیر ہے، جس نے نامَحرم سے آنکھ کی حفاظت نہ کی اُس کی آنکھ میں بروزِ قِیامت آگ کی سَلائی پھیری جا ئی گی۔    			(بَحرُ الدُّمُوع ص۱۷۱)
نظر دل میں شہوت کا بیج بوتی ہے
      میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آنکھوں کی حفاظت کی ہر دم ترکیب رکھئے ، ان کوآزاد مت چھوڑیئے ورنہ یہ ہلاکت کے گہرے غار میں جھونک سکتی ہیں ، چُنانچِہ حضرتِ سیِّدُنا عیسیٰ روحُ اللہ عَلٰی نَبِیِّناوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے ارشاد فرمایا:’’اپنی نظر کی حفاظت کرو کیونکہ یہ دِل میں شہوت کا بیج بوتی ہے اور فتنے کے لیے یہی کافی ہے ۔‘‘ ( اِحیائُ العلوم ج۳ ص۱۲۶)نبی ابنِ نبی حضرت سیِّدُنا یحییٰ بن زکریا عَلَيْهِما الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام سے پوچھا گیا: زِنا کی ابتِداء کیا ہے؟ فرمایا: ’’دیکھنا اور خواہِش کرنا۔‘‘(اَیضاً)