(جس کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے وہ طلبہ کے لیے نفع بخش ہے۔ت)
اِن اعصارو اُمصار کے طلبہ علم چشم عبرت کھولیں اور تُوغل فلسفہ کیآفت جان گزا غور سے دیکھیں زید کہ جس کے اقوال سے سوال ہے آخر اس حال کوکاہے کی بدولت پہنچا۔اور فلسفہ کی دبی آگ نے بی خبری میں بہ تدریج سُلگ کر دفعۃً بھڑکی تو کہاں تک پھونکا؟
اے عزیز ! شیطان اول دھوکا دیتا ہے کہ مقصود بالذات تو علم دین ہے _____ اور علوم عقلیہ وسیلہ و آلہ______ پھر ان میں اشتعال کس لیے بے جا؟
ھیھات !اگر یہ امراپنے اطلاق پر مسلم بھی ہو تو اب اپنے حالات پر غور کرو کہ آلہ ومقصود کی شان ہوتی ہے؟ شب وروز آلہ میں غرق ہوگئے۔مقصود کا نام تک زبان پر نہ آیا۔ اچھا تو سُّل ہے۔ اور اچھا قصد!
بوقتِ صبح شود ہمچو روز معلومت
کہ باکہ باختہ عشق درشب دیجور
صبح کے وقت تجھے روزِ روشن کی طرح معلوم ہوجائے گا کہ تاریک رات میں تُو نے کس کے ساتھ عشق بازی کی ہے۔ت)
عزیزو ! اگر علم آخرت کے لیے سیکھتے ہو تو واﷲ کہ فلسفہ آخرت میں مضر_____ اور دنیا کے لیے تو یہاں وہ بھی بخیر_____ اس سے تو بہتر کہ مڈل پاس کرو کہ دس روپیہ کی نوکری پا سکو۔
عزیزو !ﷲ انصاف ! مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کی حدیث میں علم کو تزکیہ انبیاء ا و ر علماء کو ان کا وارث فرمادیا۔ ذرا دیکھو تو وہ علم یہی ہے جس میں تم سراپا منہمک ، یا وہ جسے تم بایں بے پرواہی ، واستغنا تارک؟_____ بھلا ایمان کے دل پر ہاتھ رکھ کر دیکھو کہ مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کا وارث بننا اچھا ، یا ابن سینا وفارابی کا فضلہ خوار ؟ع
بین تفاوتِ رَہ ازکجاست تابہ کجا
( ان دونوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ت)
عزیز و! شیطان اس قوم کے کان میں پھونک دیتا ہے کہ عمر صرف کرنے کے قابل یہی علوم فلسفیہ ہیں اگر ان کے مدارِک عمیق اور مسالک دقیق، جب یہ آگئے تو علومِ دنییہ کیا ہیں۔ ادنٰی توجہ میں پانی ہوجائیں گے۔
حالانکہ واﷲ محض غلط______ تمہیں ان علومِ ربانیہ کا مزہ ہی نہیں پڑے_____ ورنہ جانتے کہ علم یہی ہیں۔ اور جو غموض ودِقت و لطف ونزاکت ان میں ہے ان کا ہزارواں حصہ وہاں نہیں_____ مگر کیا کیجئے کہ ۔ع
اَلنَّاسُ اَعْدَاءلِمَا جَھِلُوْا
( لوگ اُس چیز کے دشمن ہوتے ہیں جس سے وہ جاہل ہوتے ہیں۔(ت)
اچھا نہ سہی_____ مگر کیا نفیس تدقیق، عمدہ تحقیق ہے کہ ہزاران برس گزرے آج تک کوئی بات منقح نہ ہوئی_____ لوگ کہتے ہیں تلاحق آراء، سے علم نضج پاتے ہیں_____ وہاں اس کے خلاف۔ع
شد پریشاں ، خوابِ شاں از کثرت تعبیر ہا
(زیادہ تعبیروں کی وجہ سے ان کا خواب پریشان ہوگیا ۔ت)
سَلف خَلف میں جسے دیکھئے کیا چمک چمک کر تقریریں کرتا ہے گویا حقِ ناصحِ اس کی بغل سے نکل کر کہیں گیا ہی نہیں_____ جب دوسرا آیا اُس نے نئی ہانک سنائی، اگلے کی عقل اوندھی بتائی_____ یوں ہی یہ سلسلہ بے تمیزی
لاتَقِفُ عِندحَدٍّ قبل یوم القیمۃ
( قیامت سے پہلے یہ سلسلہ کسی حد پر نہیں رُکے گا۔ ت) چلا جاتا ہے اور چلا جائے گا۔ کچھ محقق ہوسکا نہ ہرگز ہو۔ ع
ہرکہ آمد عمارتے نو ساخت رفت و منزل بہَ دیگرے پر داخت ۱
(جو بھی آیا اس نے نئی عمارت بنائی، چلا گیا اور عمارت دوسرے کے حوالے کردی۔ت)
کہیے پھر اس "کاو،کاو" کا کیا محصَّل نکلا؟ اور کون سا نتیجہ دامن میں آیا؟ ____دمِ مرگ جب دیکھئے تو ہاتھ خالی ۔
جہل تھا جو کچھ کہ سیکھا،جو پڑھا افسانہ تھا ایک فلسفی نزع میں ہاتھ ملتا اور کہتا تھا، عمر کھوئی کچھ تحقیق نہ ہو پایا، سوا اس کے کہ، ہر ممکن محتاج ہے اور امکان امرِ عدمی_____ دُنیا سے چلا اور کچھ نہ ملا۔
اور دوسرا امر، یعنی علومِ دینیہ اس کے ذریعہ سے خود آجانا_____ ایسا باطل فضیح ہے جس کی واقعیت تمہارے اذہان کے سوا کہیں نہ ملے گی_____ حاش ﷲ! کام پڑے دام کھلتے ہیں_____ دس مسائل دینی پوچھے جائیں، اور کوئی فلسفی صاحب اپنے تفلسُف کے روز سے ٹھیک جواب دےدیں تو جانیں_____یوں تو زبان کے آگے بارہ ہَل چلتے ہیں۔ع
کس نگوید کہ دُوغِ من تُرش است
(اپنی لّسی کو کھٹّا کوئی نہیں کہتا۔ت)
عزیزو! یہ درس کہ اِن بلاد میں رائج، احمقِ اسے منتہائے علم سمجھتے ہیں۔ حاشا کہ وہ ابتدائی علم بھی نہیں۔ اس سے استعداد آنا منظور ہے _____ رہا علم! _____ ہیہات ہیہات! ہنوز دلی دور ہے۔ع
بسیار سفر باید تا پختہ شود خامے
(بہت سفر چاہیے تاکہ کچا پکا ہوجائے۔ت)
طالب علم بے چارہ شِفا، اشارات سب لپیٹ گیا اور یہ بھی نہ جانا کہ "اصولِ دین" کو کیونکر سمجھوں! اور خدا و رسول کی جناب میں کیا اعتقاد رکھوں! _____ اگر کچھ معلوم ہے تو سُنی سنائی تقلیدی_____پھر حلال و حرام کا تو دوسرا درجہ ہے۔
افسوس واضع درس نے کتب دینیہ گنتی کی رکھیں کہ طلبہ خوض و غور کے عادی ہوجائیں اور ازاں جا کرابھی عقل پختہ نہیں، لہذا ایسی چیز میں مشق ہو جس کی اُلٹ پلٹ نقصان نہ دے_____ مگر وہ ہورہی اُلٹی _____کہ انہیں
لِمَ ولا نسلم
(کیوں ؟ اور ہم نہیں مانتے۔ت)کی آفت چرگئی_____ اور جزتسلیمی پر کہ مدار ایمان سے قیامت گزر گئی۔