| فتاویٰ رضویہ جلد نمبر۲۴(کتاب الحظر والاباحۃ) |
مسئلہ ۲۰۴: ازحبیب والا ضلع بجنور تحصیل دھامپور مرسلہ منظوراحمد صاحب ۱۱شوال ۱۳۳۷ھ کیافرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ تعزیہ بنانے اور ان پرملیدے چڑھانے اور ایسی مجلسیں کرناکہ جس میں اہلبیت کی فضیحت اوررسوائی ہو اور نتیجہ یہ ہوکہ ان کو سجدے کئے جائیں اورمنتیں ان سے مانگی جائیں، یہ فعل یا اس فعل میں شرکت کرنے والے کیسے ہیں جائزہیں یاناجائز؟ حالانکہ مسئلہ اصول کاہے کہ فعل مستحب جب کسی لوازم کی وجہ سے وہ اپنے درجہ کو چھوڑ کر واجب یافرضیت میں آجائے تو اس وقت اس کاترک مستحب ہے توا ب بنابراصول کہ یہ مسائل مذکورہ بالاجائزہیں یانہیں نقصان ہے؟ مدلّل تحریر کیجئے۔
الجواب : تعزیہ ناجائزہے اور ایسی مجلس جس میں معاذاﷲ توہین اہلبیت کرام ہو قطعاً حرام اور ان میں شرکت ناجائزوحرام۔ واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۲۰۵ : سلطان الاسلام احمدصاحب اجمیرشریف تعزیہ بناکے نکالنا، اس کے ساتھ ڈھول نقارے بجانا، قبر کی صورت بناکر جنازہ کی طرح نکالنا، اس پرپھول وغیرہ چڑھانا جائزہے یانہیں؟ فقط الجواب : یہ سب باتیں ناجائزہیں۔ واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۲۰۶: ازریاست راجگڑھ بیادرہ، ایجنسی بھوپال، سنٹرل انڈیا، مسئولہ محمداسمٰعیل سوار رسالہ باڈی گارڈ ۱۵محرم الحرام ۱۳۳۹ھ کیافرماتے ہیں علمائے دین اس بارے میں کہ محرم میں تعزیہ بنانا اور اس سے منتیں مرادیں مانگنی، عَلَم اٹھانے، مہندی چڑھانا، بچوں کو سبزکپڑے پہنانے او ر ان کے گلوں میں ڈوریاں باندھ کر ان کو حضرت امام حسین رضی اﷲ تعالٰی عنہ کافقیربنانا، دس روز تک سوگواررہنا، اور اس کے بعد سوئم اور دسواں چالیسواں کرنا، ایسے مرثیوں کاپڑھنا جس میں اہلبیت کے سرپیٹنے اور بین کرنے، خلاف شرع امورکاذکرہے، اور یہ کہ ان مراسم کی ادائیگی کوحب اہلبیت سمجھنا عام طورسے ہمراہیان یزید کو لعین مردود کافرکہنا حضرت امیرمعاویہ رضی اﷲ تعالٰی عنہ کوبراکہنا اور اس کو مقتضائے حب علی رضی ا ﷲ تعالٰی عنہ سمجھنا، حضرت امام حسن وحسین رضی اﷲ تعالٰی عنہما کو جملہ انبیاء سے بھی رتبہ میں بڑھ کرسمجھنا بایں خیال کہ حضرات صوفیہ کرام نے بھی ایساہی سمجھاہے اور ایساسمجھنے کو عین ایمان کہنا کیساہے؟ بیّنواتوجروا۔
الجواب : حضرات امامین رضی اﷲ تعالٰی عنہما خواہ کسی غیرنبی کوکسی نبی سے افضل کہنا کفرہے۔ حضرت امیرمعاویہ رضی اﷲ تعالٰی عنہ یاکسی صحابی کوبراکہنا رفض ہے۔ ہمراہیان یزید یعنی جو ان مظالم ملعونہ میں اس کے ممدومعاون تھے ضرور خبیث ومردودتھے، اور کافروملعون کہنے میں اختلاف ہے، ہمارے امام کامذہب سکوت ہے، اور جو کہے وہ بھی موردالزام نہیں کہ یہ بھی امام احمد وغیرہ بعض ائمہ اہلسنت کامذہب ہے، سوم، دسواں، چالیسواں ایصال ثواب ہیں اور یہ تخصیصات عرفیہ ہیں اور ایصال ثواب مستحب، باقی مراسم کہ سوال میں مذکورہوئے سب ممنوع وناجائزہیں۔واﷲ تعالٰی اعلم
مسئلہ ۲۰۷ تا ۲۱۹ : ازسنبھل ضلع مرادآباد محلہ کھگرسرائے متصل زیارت حبیب اﷲ شاہ مسئولہ محمد فاروق حسین صاحب ۱۹ محرم الحرام ۱۳۳۹ ھ کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین جزاہم اﷲ تعالٰی خیرالجزاعن المسلمین ان مسائل میں کہ: (۱) حضرت قاسم بن حسین رضی اﷲ تعالٰی عنہما کانکاح جناب کبرٰی بنت حسین علیہ السلام سے بروزعاشورہ بمقام کربلاہواتھا یانہیں اور روایات صحیح سے ثابت ہے یانہیں، نزدیک اہلسنت وجماعت کے؟ (۲) تعزیہ داری کس وقت سے جاری ہے؟ (۳) تعزیہ داری مروجہ، شب شہادت کور وشنی وغیرہ کرنا، بروزعاشورہ تعزیہ کودفن کرنا، بروز۱۲محرم سوم کی فاتحہ دینا یوم عاشورہ کے حساب سے چالیسواں کرنااہلسنت وجماعت کے نزدیک جائزہے یانہیں؟ (۴) ایسی مجلسوں میں شریک ہونا جس میں مرثیہ وغیرہ ہوتے ہیں؟ (۵) جولوگ ڈھول تاشے بجاتے ہوں ان کوسبیل کاشربت پلانا یامیلہ میں سبیل لگاناجائزہے یانہیں؟ اور ایسی سبیل موجب ثواب ہوگی یاموجب عذاب؟ (۶) بعد شہادت جناب امام حسین علیہ السلام کی زوجہ جناب شہربانو کہاں گئیں؟ (۷) حضرت مسلم کے صاحبزادے کوفہ میں شہید ہوئے یانہیں؟ تاریخ طبری میں ہے کہ کوفہ میں صاحبزادے ہمراہ نہ تھے۔
(۸) قوالی کا سننا کن اشخاص کوجائزہے؟ (۹) تعزیہ بناناجائزہے یانہیں؟ (۱۰) اگرتعزیہ بنائے تو کس قدرگناہ ہے؟ (۱۱) انگوٹھے چومنا وقت تلاوت آیہ کریمہ
ماکان محمد ابا احد من رجالکم۱؎
(محمدصلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں۔ت) اور اذان میں لفظ
اشھد انّ محمداً رسول اﷲ
پرجائزہے یانہیں؟
(۱؎ القرآن الکریم ۳۳/ ۴۰)
(۱۲) بعد شہادت کس قدر سرمبارک دمشق کو روانہ ہوئے تھے اور کس قدر واپس آئے؟ (۱۳) مہندی وغیرہ کاکس وقت سے رواج ہے؟
الجواب: (۱) اس کا کوئی ثبوت نہیں۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۲) بہت جدید، ہندوستانیوں کی ایجادہے۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۳) فاتحہ ہروقت جائزہے اور تعزیہ وغیرہ بدعات ناجائز۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۴) حرام ہے۔واﷲ تعالٰی اعلم (۵) پانی یاشربت ہرمسلمان کو پلاسکتے ہیں اورمیلہ میں سبیل نہ لگائی جائے، نہ اس وجہ سے کہ سبیل کی مخالفت ہے بلکہ میلہ میں شرکت کی۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۶) مدینہ طیبہ۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۷) یہ نہ مجھے اس وقت یاد، نہ تاریخ دیکھنے کی فرصت، نہ اس سوال کی حاجت۔ (۸) قوالی مع مزامیرسننا کسی شخص کو جائزنہیں۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۹) ناجائز۔واﷲ تعالٰی اعلم (۱۰) بدعت کاجوگناہ ہے وہ ہے، گناہ کی ناپ تول دنیامیں نہیں۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۱۱) اذان سنتے وقت جائز بلکہ مستحب ہے اور آیہ کریمہ سنتے وقت جس طرح رائج ہے ناجائزہے۔ واﷲ تعالٰی اعلم (۱۲) حدیث میں فرمایا آدمی کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ بیکار باتیں چھوڑے۔ (۱۳) مہندی ناجائزہے اور اس کاآغاز کسی جاہل سفیہ نے کیاہوگا۔ واﷲ تعالٰی اعلم