Brailvi Books

حرص
35 - 228
(۱۰)مرض الموت میں بھی تلاوت 
	حضرتِ جُنید بغدادی علیہ رحمۃُ اللّٰہِ الہادی  وقتِ نَزْع قرآنِ پاک پڑھ رہے تھے، اُن سے اِستفسار کیا گیا :اس وَقْت میں بھی تلاوت؟ اِرشاد فرمایا: میرا نامۂ اَعمال لپیٹا جارہا ہے تو جلدی جلدی اس میں اِضافہ کررہا ہوں۔(صید الخاطر لابن الجوزی ص۷۲۲ )
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب !                           صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
(۱۱)   نیند بھگانے کے لئے منہ پرپانی کے چھینٹے مارتے
	اِمام محمد شیبانی علیہ رحمۃ اللّٰہ الغنی  شب بیداری فرمایا کرتے تھے اور آپ کے پاس مختلف قسم کی کتابیں رکھی ہوتی تھیں جب ایک فَن سے تھک جاتے تو دوسرے فن کے مطالعے میںلگ جاتے تھے۔یہ بھی منقول ہے کہ آپ اپنے پاس پانی رکھا کرتے تھے جب نیند کا غلبہ ہو نے لگتا تو پانی کے چھینٹے دے کر نیند کو دُور فرماتے اور فرمایا کرتے تھے کہ نیند گرمی سے ہے لہٰذا ٹھنڈے پانی سے دُور کرو ۔(تعلیم المتعلم طریق التعلم،ص۱۰۱)آپ  کومطالعے کا اتنا شوق تھا کہ رات کے تین حصے کرتے ،ایک حصہ میں عبادت ، ایک حصہ میں مطالعہ اور بقیہ ایک حصہ میں آرام فرماتے تھے ۔ آپ رحمۃُ اللّٰہ تعالٰی علیہ  فرماتے ہیں:’’ مجھے اپنے والد کی مِیراث میں سے تیس ہزار درہم ملے تھے ان میں سے پندرہ ہزار میں نے علمِ نَحو،شعر و اَدَب اور لُغَت وغیرہ کی تعلیم و تحصیل میں خرچ کئے اور پندرہ ہزار حدیث و فِقہ کی تکمیل پر۔‘‘(تاریخ بغداد،ج۲،ص۰۷۱ )
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب !           صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد