جواب : اِستنجا خانوں کی جب صفائی کی جاتی ہے اُس وَقْت بد بُو کافی پھیلتی ہے لہٰذا (اِستِنجا خانے اور مَسْجِد کے درمیان) اتنا فاصِلہ رکھنا ضَروری ہے کہ صَفائی کے مَوْقَع پر بھی بد بُو مَسْجِد میں داخِل نہ ہو سکے ۔ اِستنجا خانے اِحاطۂ مَسْجِد میں کُھلتے ہوں تو ضَرورتاً دِیوار پاٹ کر باہَر کی جانب دروازے نکال کر بھی بد بُو سے مسجد کو بچایا جا سکتا ہے ۔ (1)
شرعی احتیاطیں
سوال10: کیا ہفتہ وار اجتماع میں دورانِ بیان عطر کا چھڑکاؤ کرنا چاہیے ؟
جواب : نہیں کرنا چاہئے کہ اس سے تَوَجُّہ بٹتی ہے ۔ (2)
سوال11 : کیا ہفتہ وار اجتماع میں لنگرِ رضویہ (کھانے ) وغیرہ کی ترکیب عین ِمسجد میں کرسکتے ہیں؟
جواب : ہفتہ واراجتماع ہویا بڑی راتوں کے اجتماعات وغیرہ ، کھانے پینے کی ترکیب فنائے مسجد یا خارجِ مسجد میں ہونی چاہیے ۔ بہتریہ ہے کہ عینِ مسجد میں اس طرح کی ترکیب نہ بنائی جائے ۔ (3)
سوال12 : ہفتہ وار اجتماع میں اَمْرَد (خوبصورت مرد) اسلامی بھائیوں کے قُرب میں بیٹھنایا لیٹنا کیسا؟
جواب : اَمرد کے قریب دانستہ (یعنی جان بوجھ کر) بیٹھنے یا لیٹنے میں اِحتیاط کرنی چاہئے ، ہمیں اپنے نفس پر بھروسہ نہیں کرنا چاہئے اورلوگوں کوبھی اپنی بدگمانی سے بچانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔
________________________________
1 - مسجدیں خوشبو دار رکھئے ، ص۱۱
2 - مدنی مذاکرہ ، ۱۳رمضان ۱۴۳۶ھ ، 30جون 2015ء
3 - مدنی مذاکرہ ، ۱۱ ربیع الاول ۱۴۳۶ھ ، 2 جنوری2015ء