Brailvi Books

ہفتہ وار مدنی مذاکرہ
16 - 70
یہ حَدِیْثِ پاک سنائی کہ حضرتِ سَیِّدُنا خالِد بن ولید رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے رِوایَت ہے کہ ایک اَعرابی ( یعنی عَرَب شریف کے دیہاتی) نے بارگاہِ رِسَالَت مآب میں حاضِری دی اور عَرْض کی: دنیا و آخِرَت کے بارے میں کچھ پوچھنا چاہتا ہوں تورسولِ بے مثال ،  بی بی آمِنہ کے لال صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے اِرشَاد فرمایا: پوچھو !  جو پوچھنا چاہتے ہو۔ 
٭ عَرْض کی: میں سب سے بڑا عالِم بننا چاہتا ہوں۔ اِرشَاد فرمایا: اللہ سے ڈرو ، سب سے بڑے عالِم بن جاؤ گے ۔ ٭ عَرْض کی: میں سب سے زیادہ غنی بننا چاہتا ہوں۔ اِرشَاد فرمایا: قَناعَت اِخْتِیار کرو ،  غنی ہوجاؤ گے ۔ ٭ عَرْض کی: میں لوگوں میں سب سے بہتر بننا چاہتا ہوں۔ اِرشَاد فرمایا: لوگوں میں سب سے بہتر وہ ہے جو دوسروں کو نَفْع پہنچاتا ہو ، تم لوگوں کے لئے نَفْع بخش بن جاؤ۔ ٭ عَرْض کی: میں چاہتا ہوں کہ سب سے زیادہ عَدْل کرنے والا بن جاؤں۔ اِرشَاد فرمایا: جو اپنے لئے پسند کرتے ہو وُہی دوسروں کے لئے بھی پسند کرو ،  سب سے زیادہ عادِل بن جاؤ گے ۔ ٭ عَرْض کی: میں بار گاہِ الٰہی میں خاص مَقام حاصِل کرنا چاہتا ہوں۔ اِرشَاد فرمایا: ذِکْرُ اللہ کی کَثْرَت کرو ، اللہ تعالیٰ کے خاص بندے بن جاؤ گے ۔ 
٭ عَرْض کی: اَچھّا اور نیک بننا چاہتا ہوں۔ اِرشَاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کی عِبَادَت یوں کرو گویا تم اسے دیکھ رہے ہواور اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے تو یہ خَیال رکھو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے ۔ ٭ عَرْض کی: میں کامِل اِیمان والا بننا چاہتا ہوں۔ اِرشَاد فرمایا: اپنے اَخلاق اَچّھے کر لو ، کامِل اِیمان والے بن جاؤ گے ۔ ٭ عَرْض کی: ( اللہ تعالیٰ کا) فرمانبردار بننا چاہتا ہوں۔ اِرشَاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کے فرائض کا اِہتِمام کرو ، اس کے مُطِیع( و فرمانبردار) بن جاؤ گے ۔