Brailvi Books

گُنَاھوں کے عَذَابات( حصہ اول )
35 - 86
دُرُود شریف کی فضیلت
فرمانِ مصطفے ٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم: بے شک تمہارے نام مَع شناخت مجھ پر پیش کئے جاتے ہیں ، لہٰذا مجھ پر اَحْسَن ( یعنی بہترین الفاظ میں )  دُرود ِ پاک پڑھو ۔(1) 
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!	صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
( 12 )...سُود ( Usury )
سُود ( Usury ) کی تَعْرِیف
عقدِ مُعَاوَضَہ ( یعنی لَین دَین کے کسی مُعَامَلے ) میں جب دونوں طر ف مال ہو اورایک طرف زِیادتی ہوکہ اس کے مُقَابِل ( یعنی بدلے ) میں دوسری طرف کچھ نہ ہو یہ سُود ہے ۔(2) اسی طرح قَرْض دینے والے کو قَرْض پر جو نفع، جو فائدہ حاصِل ہو وہ سب بھی سُود ہے ۔(3)
سود کی مِثَال
جو چیز ماپ یا تول سے بکتی ہو جب اس کو اپنی جِنْس سے بدلا جائے مثلا گیہوں ( گَنْدُم ) کے بدلے میں گیہوں ( گَنْدُم )، جَو کے بدلے میں جَو لئے اور ایک طرف زِیادہ ہو حرام ہے اور اگر وہ چیز ماپ یا تول کی نہ ہو یا ایک جِنْس کو دوسری جِنْس سے بدلا ہو تو سُود نہیں ۔ عمدہ اور خراب کا یہاں کوئی فرق نہیں یعنی تبادلۂ جِنْس میں ایک طرف کم ہے مگر یہ اچھی ہے دوسری طرف زیادہ ہے وہ خراب ہے جب بھی سُود اور حرام ہے ، لازِم ہے کہ دونوں ماپ یا تول میں برابر ہوں ۔ جس چیز پر سُود کی حرمت کا دار مدار ہے وہ قَدْر وجِنْس ہے ۔ قَدْر سے مُراد وَزْن یا ماپ ہے ۔(4)



________________________________
1 -     مصنف عبد الرزاق ،  باب الصلاة على النبى صلى الله عليه وسلم ،  ٢ / ١٤٠ ،  حديث: ٣١١٦.
2 -    بہارِ شریعت ،  حصہ۱۱ ،  سُود کا بیان ،    ۲ / ۷۶۹.
3 -     فتاویٰ رضویہ ،  ۱۷ / ۷۱۳.
4 -     بہارِ شریعت ،  حصہ۱۱ ،  سُود کا بیان ،    ۲ / ۷۶۹.