Brailvi Books

گُنَاھوں کے عَذَابات( حصہ اول )
13 - 86
( 4 )... نماز قضا كرنا
نماز قضا کرنے کی تَعْریف
نماز کو اس کا وَقْت گُزَار کر پڑھنا نماز قضا کرنا ہے ۔ 
نماز قضا کرنے کی مِثَال
مثلاً نمازِ ظُہْر کے وَقْت میں مَحْض سستی کی یا کاموں میں اس طرح مصروف رہا کہ ظُہْر کا پورا وَقْت خَتْم ہو گیا اور نمازِ ظُہْر ادا نہ کی اب عَصْر کا وَقْت شروع ہونے کے بعد یا کسی اور وَقْت میں نماز ادا کی تو یہ نماز قضا کرنا کہلائے گا ۔ 
”نماز قضا کرنے “ کے متعلق مختلف اَحْکَام 
( 1 ): بِلاعُذرِ شَرْعِی نماز قضا کر دینا بہت سَخْت گُنَاہ ہے ۔ اس پر فرض ہے کہ اس کی قضا پڑھے اور سچے دل سے تَوْبہ کرے ۔ تَوْبہ جب ہی ( یعنی اُسی وَقْت ) صحیح ہے کہ قضا پڑھ لے ۔(1) ( 2 ): جو عَقلسلامت ہونے اور قُدْرَت رکھنے کے باوُجُود جان بوجھ کر نماز یا روزہ چھوڑ دے ہرگز اللہ کا ولی نہیں ہو سکتا ۔(2) ( 3 ): فقہائے کِرَام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام فرماتے ہیں: سوتے میں  یا بُھولے سے نماز قضا ہو گئی تو اس کی قضا پڑھنی فَرْض ہے البتہ قضا کا گُنَاہ اس پر نہیں  مگر بیدار ہونے اور یادآنے پر اگر وَقْتِ مکروہ نہ ہو تو اُسی وَقْت پڑھ لے ، تاخیر مکروہ ہے ۔(3) ( 4 ): جس کے ذمّے قضا نمازیں ہوں ان کا جلد سے جلد پڑھنا واجِب ہے مگر بال بچوں کی پَرْوَرِش اور اپنی ضروریات کی فراہمی کے سبب تاخیر جائز ہے لہٰذا کاروبار بھی کرتا رہے اور فُرْصَت کا جو وَقْت ملے اس میں قضا پڑھتا رہے یہاں تک کہ پوری ہو جائیں ۔(4)



________________________________
1 -    بہارِ شریعت ،  حصہ چہارم ،  قضا نماز کا بیان ،  ۱ / ۷۰۰ ،  ملتقطًا.
2 -    فتاویٰ رضویہ ،  ۱۴ / ۴۰۹ ،  ملخصاً.	
3 -     بہارِ شریعت ،  حصہ چہارم ،  قضا نماز کا بیان ،  ۱ / ۷۰۱.
4 -     بہارِ شریعت ،  حصہ چہارم ،  قضا نماز کا بیان ،  ۱ / ۷۰۶ ،  بتغیر قلیل.