Brailvi Books

فیضان صفر المظفر
23 - 29
وَلِلْقَلْبِ عَلَی الْقَلْبِ		دَلِیْــلٌ حِیْــنَ یَلْقَاہُ
	ترجمہ : جاہل کی صحبت میں نہ جاؤ ، انہیں دُور رکھو خود دُور رہو ۔ کتنے ہی جاہلوں نے دانشوروں کو تباہ کیا ، جب دانشور نے جاہل کو بھائی بنایا ۔ آدمی دوسرے آدمی کے ساتھ چلتا ہے تو ایک کو دوسرے پر ہی قیاس کیا جاتا ہے ۔ چیز کو دوسری چیز پر قیاس کیا جاتا ہے اور دوسری چیز جیسا سمجھا جاتا ہے ۔  دل دوسرے دل کو راہ دکھاتا ہے جب ملاقات ہوتی ہے ۔ 
گنہگار اپنے لئے بھی اور دوسرے کے لئے بھی منحوس ہے ، یہ خوف رہتا ہے کہ اس پر عذاب اترے اور دوسرے لوگ بھی لپیٹ میں آجائیں بالخصوص وہ لوگ جو گنہگار کے عمل کو بُرا نہیں سمجھتے تھے ، بہر حال! گنہگار سے دُور رہنا ہی ضروری ہے ، کیونکہ جب گندگی بہت ہوجاتی ہے تو مرگِ عام پھیل جاتی ہے ۔ 
گناہ اور عذاب کی جگہ سے درو رہو : 
یونہی گناہوں کی جگہوں اور گناہوں کی سزا والی جگہوں سے بھی دُور رہنا ضروری ہے ، وہاں سے بھاگنا ضروری ہے کہ کہیں ہم پر بھی عذاب نہ نازل ہوجائے ، جیساکہ حضورِ اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جب مقامِ حِجْر میں ثَمود والوں کے کھنڈرات سے گزرے تو صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کو حکم فرمایا : ” ان عذاب والوں کے یہاں روتے ہوئے ہی داخل ہونا ، اس ڈر سے کہ کہیں تمہیں بھی وہ عذاب نہ پہنچے جو انہیں پہنچا تھا ۔  “ ( 1) 
قاتل کی بخشش : 
سو انسانوں کے قاتل اسرائیلی نے جب توبہ کی اور اسرائیلی عالِم سے پوچھا : کیا میری توبہ قبول ہو گی؟ تو انہوں نے کہا : ہاں ۔  اسرائیلی عالِم نے اُس توبہ کرنے والے کو بُری بستی چھوڑ کر نیکوں کی بستی میں منتقل ہونے کا کہا ۔  لیکن دونوں بستیوں کے بیچ اُسے موت نے آلیا ۔  رحمت اور عذاب کے فرشتے اُس کے بارے میں جھگڑنے لگے ۔  اللہ پاک نے اُن کی طرف وحی فرمائی کہ دونوں بستیوں کا درمیانی فاصلہ ناپو ، وہ جس بستی کے قریب ہو اُس کے ساتھ ملا دو ۔  دیکھا تو وہ پتھر پھینکنے جتنا فاصلہ نیک بستی سے قریب تھا ، چنانچہ اُسے بخش دیا گیا ۔ 
گناہ کی جگہوں اور گناہ والوں کو چھوڑنا بھی اس ہجرت میں شامل ہے جس کا حکم فرمایا گیا ہے ، کیونکہ مہاجر وہ ہے جو اللہ پاک کے منع کردہ کاموں کوچھوڑ دے ۔ 



________________________________
1 -    بخاری ، کتاب الصلاة ، باب الصلاة فی مواضع الخسف والعذاب ، ۱ /  ۱۶۶ ، حدیث : ۴۳۳