حالتِ روزہ میں ٹوتھ پیسٹ کرنا کیسا؟
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کرنا کیسا ہے؟ سائل : محمد دانیال رضا(ڈڈیال، کشمیر)
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم
اَلْجَوَاب بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّاب اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَا لصَّوَاب
روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کرنا اگر چہ ناجائز و حرام نہیں مگر بلا ضرورتِ صحیحہ مکروہ ضرور ہے۔
سیدی اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت الشاہ امام احمد رضا خانعَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن (المتوفی 1340ھ )اسی طرح کے سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں: ’’منجن ناجائز و حرام نہیں جبکہ اطمینانِ کافی ہو کہ اس کا کوئی جزو حلق میں نہ جائے گا ،مگر بے ضرورتِ صحیحہ کراہت ضرور ہے۔درِّ مختار میں ہے : ”کرہ لہ ذوق شیء... الخ“ یعنی روزہ دار کو کسی چیز کا چکھنا مکروہ ہے۔ ‘‘ (1)
چونکہ ٹوتھ پیسٹ میں زیادہ امکان ہے کہ کوئی جزو اندر چلا جائے اس لیے روزہ کی حالت میں اس سےضرور احتراز کیا جائے۔
سیدی اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنت الشاہ امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں : ’’روزہ میں منجن مَلنا نہ چاہیے۔‘‘ (2)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
… فتاوی رضویہ، مکروہاتِ صوم، ۱۰/۵۵۱.
2… فتاوی رضویہ، کتاب الصوم، ۱۰/۵۱۱.