Brailvi Books

فیضانِ ریاض الصالحین
276 - 627
(3) زانی عورت اگرحاملہ ہو تو جب تک بچہ پیدا نہ ہو حد قائم نہ کریں اور بچہ پیدا ہونے کے بعد اگر رجم کرنا ہے تو فوراً               کر دیں۔   (الدر المختار و رد المحتار،کتاب الحدود،مطلب الزنیٰ شرعاً۔۔۔الخ، ۶/۲۴)
4))مرجوم (یعنی جو رجم کیا گیااس ) کوغسل و کفن دینا اور اُس کی نمازِ جنازہ پڑھنا ضروری ہے۔ (تنویرالابصار،کتاب الحدود، ۶/۲۰)
	اللہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں ہر آن اپنی رحمت کی نظر میں رکھے اور اپنے عَفو وکرم سے ہمارے تمام گناہ معاف فرمائے ! اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖٖ وَسَلَّم

ابوہُریرہ کا تَوشہ دان
	حضرتِ سیِّدُنا ابو ہُریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ  فرماتے ہیں: ایک غزوہ میں لشکرِ اسلام کے پاس کھانے کو کچھ نہ رہا ۔  رسولِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مجھ سے فرمایا: تمہارے پاس کچھ ہے؟ میں نے عرض کی، توَشہ دان میں تھوڑی سی کَھجوریں ہیں۔ فرمایا: لے آئو۔ میں نے حاضِر کر دیں جو کُل 21 تھیں ۔آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّم نے ان پر دستِ مبارَک رکھ کر دُعا مانگی پھر فرمایا: دس افراد کو بلائو! میں نے بُلایا، وہ آئے اور سیر ہو کر کھایا اور چلے گئے۔ پھر دس افراد کو بلانے کا حکم دیا، وہ بھی کھا کر چلے گئے۔ اِسی طرح دس دس آدَمی آتے اور سیر ہو کر کھاتے اور تشریف لے جاتے ،یہاں تک کہ تمام لشکر نے کھائِیں اور جو باقی رَہ گئیں ان کے بارے میں فرمایا: اے ابو ہُریرہ ! ان کو اپنے تَوشہ دان میں رکھ لو اور جب چاہو ہاتھ ڈال کر ان میں سے نِکال لیا کرو لیکن تَوشہ دان نہ اُنڈَیلنا ! حضرتِ سیِّدُنا ابو ہُر یرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ میں حُضُورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّم کی ظاہِری حیاتِ مبارَکہ میں اور حضرتِ سیِّدُنا ابو بکر صِدّیق اور حضرتِ سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم اور حضرتِ سیِّدُنا عثمان غنی عَلَیْہِمُ الرِّضْوان کے عَہدِ خِلافت تک ان ہی کَھجوروں سے کھاتا رہا۔ اور خَرچ کرتا رہا تَخمیناً (یعنی اندازاً )50 وَسْق تو فی سبیلِ اللہ دیں اور200 وَسْق سے زِیادہ میں نے کھائِیں۔ جب حضرتِ سیِّدُنا عثمانِ غنی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ شہید ہو گئے تو وہ تَوشہ دان میرے گھر سے چوری ہو گیا۔	) الخصائصُ الکُبرٰی ج۲ /۸۵(
کون دیتا ہے دینے کو منہ چاہیے 		دینے والا ہے سچا ہمارا نبی