Brailvi Books

فیضانِ ریاض الصالحین
111 - 627
دنیامیں پہلا’’ ناحق قتل‘‘ کس وجہ سے ہوا؟
	دنیا میں سب سے پہلا ’’ناحق قتل ‘‘ ایک عورت کے معاملہ میں حسد کی وجہ سے ہوا۔ لہٰذا عورت کے فتنے میں مبتلا ہونے سے خدا کی پناہ مانگنی چاہیے۔
حَسَد کی تباہ کاری 
	قابیل نے حسد کی بیماری میں مبتلا ہو کر اپنے سگے بھائی کو قتل کردیا۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حسد انسان کی کتنی بری اور خطرناک قلبی بیماری ہے۔ اسی لئے قراٰن مجید میں ’’مِنْ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَ (پ۳۰، الفلق:۵)  (ترجمۂ کنز الایمان : اور حسد والے کے شر سے جب وہ مجھ سے جلے ) فرما کر حکم دیا گیا کہ حاسد کے حسد سے خدا کی پناہ مانگتے رہو۔
	حَسَدکی تعریف:’’ کسی کی نعمت کے چھن جانے کی آرزو کی جائے (یہ حسد ہے )۔(فتا وی رضویہ،۲۴/۴۲۸ )
	حُجَّۃُ الْاِسلام حضرتِ سَیِّدُنا امام ابو حامد محمد بن محمد بن محمد غزالیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَالِی ’’مِنْہَاجُ العْابِدِین‘‘ میں فرماتے ہیں : ’’اپنے مسلمان بھائی سے ایسی نعمت چھن جانے کے ارادے کا نام حسد ہے جس میں اس مسلمان کے لئے بہتری اور بھلائی ہو اور اگر چھن جانے کا ارادہ نہ ہو بلکہ یہ ارادہ ہو کہ ایسی ہی نعمت مجھے بھی مل جائے تو یہ حسد نہیں بلکہ اسے غِبطہ کہتے ہیں۔‘‘ (مِنْہَاجُ العْابِدِین، ص۷۹)
بُراطریقہ رائج کرنے کاوَبال
	قتلِ ناحق کتنا بڑا جرم ہے کہ اس کی وجہ سے حضرتِ سَیِّدُنا آدم عَلَیْہِ السَّلَام کا بیٹا اپنے باپ کے دربار سے راندۂ درگا ہ ہوا اورکفر و شرک میں مبتلا ہو کر مرا۔ اور قیامت تک ہونے والے ہر خونِ ناحق میں حصہ دار بن کر عذاب جہنم میں گرفتار رہے گا۔ معلوم ہوا کہ جو شخص کوئی بُرا طریقہ ایجاد کرے تو قیامت تک جتنے لوگ اس برے طریقے پر عمل کریں گے سب کے گناہ میں وہ برابر کا شریک اور حصہ دار بنے گا۔