روئے زمین پر سب پہلا نافرمان انسان
روئے زمین پر سب سے پہلے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی نافرمانی قابیل ہی نے کی کہ سب سے پہلے زمین پر قتلِ ناحق کیا اور یہی و ہ پہلا مجرم ہے جسے سب سے پہلے جہنم میں ڈالا جائے گا ۔ حدیث شریف میں ہے کہ روئے زمین پر قیامت تک جو بھی قتلِ ناحق ہو گا قابیل اس میں حصہ دار ہو گا کیونکہ اسی نے سب سے پہلے قتل کا دستور نکالا۔(بخاری کتاب احادیث الانبیائ، باب خلق آدم وذریتہ، ۲/۴۱۳، حدیث:۳۳۳۵) قابیل نے حسد وبغض کی وجہ سے اپنے بھائی کو ناحق قتل کرکے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی نافرمانی کی ،اپنے والدین کا دل دُکھایا، زمین پر فساد پھیلایاتو اسے بڑی بھیانک سزا ملی ۔
قابیل کاعبرتناک انجام
قابیل کا ایک لڑکا اندھا تھا اس نے قابیل کو پتھر مار کر قتل کردیا اور یوں یہ بدبخت آگ کی پَرَسْتِش کرتے ہوئے کفر و شرک کی حالت میں اپنے لڑکے کے ہاتھوں مارا گیا۔
( روح البیان، پ۶، المائدۃ تحت الایۃ:۲۷۔۳۰، ۲/۳۸۲)
حضرتِ سَیِّدُنا شِیْث عَلٰی نَبِیِّنَا وعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام
ہابیل رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہکے قتل کے پانچ برس بعد حضرتِ سَیِّدُنا شِیْث عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کی ولادت ہوئی جب کہ حضرتِ سَیِّدُنا آدم عَلَیْہِ السَّلَام کی عمر شریف ایک سو تیس برس کی ہوچکی تھی۔ آپ نے اپنے اس ہونہار فرزند کا نام ’’شیث‘‘ رکھا۔ یہ سُریانی زبان کا لفظ ہے اور عربی میں اس کا معنی ہے ’’ھِبَۃُ اللہ‘‘ یعنی ’’اللہ عَزَّوَجَلَّکا عطیہ‘‘۔ حضرتِ سَیِّدُنا آدم عَلَیْہِ السَّلَام پرجو پچاس صحیفے نازل ہوئے تھے آپ نے حضرتِ سَیِّدُنا شیث عَلَیْہِ السَّلَامکوان سب کی تعلیم دی اور ان کو اپنا وصی و خلیفہ اور سجادہ نشین بنایا اور ان کی نسل کو خیر و برکت کی دعائیں دیں۔ہمارے پیارے نبی،نبیِّ آخر الزماں ،سرورِ ذیشاں ،رحمت ِ عالمیاں صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمحضرتِ سَیِّدُناشِیثعَلَیْہِ الصَّلوٰۃُ والسَّلام کی اولاد میں سے ہیں۔ (روح البیان، پ۶، المائدۃ تحت الایۃ:۳۰، ۲/۳۸۲)