Brailvi Books

فیضانِ اِحیاءُ العُلوم
92 - 325
چنانچہ منقول ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت سیدنا داو،د(علیہ السلام)کی طرف وحی بھیجی کہ اس عالم سے میرے بارے میں نہ پوچھیں جس پر دنیا کی محبت کا نشہ غالب ہوکہ وہ تمہیں میری محبت سے الگ کر دے گا اور ایسے علماء میرے بندوں کو لوٹنے والے لٹیرے ہیں۔

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!یہ اس وجہ سے کہ جو دل میں دنیا کی محبت اور سخت حرص کی وجہ سے اندھیرے میں ہو وہ اللہ تعالیٰ کے نور سے پردے میں ہوتا ہے کیوں کہ دل خوف خدا (عزوجل) کی برکت سے چمکتے ہیں تو جو شخص اس سے پیٹھ پھیر کر اس کے دشمن کی طرف متوجہ ہو یعنی دنیاوی خواہشات کا عاشق ہو وہ انوار ربوبیت سے کب تجلّی حاصل کرسکتا ہے۔

تو میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!مرید کا پہلا کام اچھی طرح علم حاصل کرنا ہے یا کسی ایسے عالم کی تلاش کرے جو دنیاسے نفرت کرتا ہو اور اگر ایسا شخص نہ ملے تو ایسے شخص ہی کو تلاش کرے جودنیا میں کم رغبت رکھتا ہو۔ چنانچہ 

رسول اکرم ، شاہ بنی آدم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کا فرمان ہے:
اِنَّ اللہَ یُحِبُّ الْبَصَرَ النَّاقِدَ عِنْدَ وُرُوْدِ الشُّبْھَاتِ وَالْعَقْلَ الْکَامِلَ عِنْد َھُجُوْمِ الشَّھَوَاتِ
ترجمہ : ''شبہات کے وقت چشم بینا اور خواہشات کے ہجوم کے وقت عقل کامل کو اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے''

آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ان دو چیزوں (چشم بینا اور عقلِ کامل)کااکٹھا تذکرہ فرمایا اور یہ دنوں ایک دوسرے کے لئے لازم وملزوم ہیں کیوں کہ جس شخص کے پاس خواہشات سے روکنے والی عقل نہ ہو اس کے پاس شبہا ت کو پرکھنے والی نگاہ بھی نہیں ہوتی۔

اسی لئے نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
مَنْ قَارَبَ ذَنْبًافَارَقَہٗ عَقْلٌ لاَ یَعُوْدُ اِلَیْہِ اَبَدًا۔
ترجمہ : ''جو شخص کسی گناہ کامرتکب ہوتا ہے اس سے عقل یوں جدا ہوجاتی ہے کہ کبھی بھی اسی کی طرف نہیں لوٹتی''۔

تومیٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بدنصیب انسان کو جس عقل کے ذریعے سعادتمندی حاصل ہوتی ہے گناہوں کے ذریعے اسے بھی مٹانے کاقصد کرتاہے۔ جیسا کہ 

حدیث شریف میں ہے۔
اَنْتُمُ الْیَوْمَ فِی زَمَانٍ خَیْرُکُمْ فِیْہِ الْمُسَارِعُ وَ سَیَاتِیْ عَلَیْکُمْ زَمَانٌ خَیْرُکُمْ فِیْہِ الْمُتَثَبِّتُ۔
ترجمہ : ''آج تم ایسے زمانے میں ہو کہ تم میں سے وہ شخص بہترہے جو عمل میں جلدی کرتا ہے اور عنقریب تم پر ایسا زمانہ آئے گا کہ تم میں سے وہ شخص بہتر ہوگا جو سوچ بچار کے بعد عمل کریگا''۔
Flag Counter