Brailvi Books

فیضانِ اِحیاءُ العُلوم
316 - 325
حضرت سیدتنا عائشہ( رضی اﷲ عنہا) فرماتی ہیں۔

''مومن ' مومن کا بھائی ہے نہ اسے لوٹتا ہے اور نہ اس سے تکلف کرتا ہے''

حضرت سیدنا جنید (رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ) فرماتے ہیں میں صوفیا ئے اکرام (رضی اﷲ تعالیٰ عنہم)کے چار طبقات کے ساتھ رہا ہوں اور ہر طبقہ میں تیس افراد تھے حضرت حارث محاسبی(رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ ) اور ان کا طبقہ' حضرت حسن مسوحی(رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ ) اور ان کا گروہ' حضرت سری سقطی(رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ )اور ان کی جماعت اور حضرت ابن کریبی (رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ )اور ان کا طبقہ ۔۔۔۔۔۔ ان لوگوں میں سے جن دو نے اﷲ (عزوجل) کے لئے باہم محبت کی پھر ان میں سے ایک کو دوسرے سے اجنبیت اور دوری پائی تو اس کی وجہ ان میں سے کسی ایک میں خرابی کا پایا جانا تھا۔

کسی بزرگ (رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ) سے پوچھا گیا کہ ہم کس کی مجلس اختیار کریں ؟ انہوں نے فرمایا کہ جو شخص تم سے تکلف کا بوجھ اٹھا لے اور تمہارے اور اپنے درمیان تکلف کو ساقط کردے۔

حضرت سیدنا امام جعفرصادق (رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ) فرماتے تھے میرے دوستوں میں سے مجھ پر سب سے زیادہ بھاری وہ دوست ہے جو میرے لئے تکلف کرتا ہے اور میں اُس سے حیلہ کرتا ہوں' اور میرے دل پر سب سے ہلکا وہ ہے جس کے ساتھ میں اس طرح رہتا ہوں جس طرح میں تنہائی میں ہوتا ہوں۔

بعض صوفیاء کرام (رضی اﷲ تعالیٰ عنہم)نے فرمایا کہ ایسے لوگوں کے ساتھ رہو کہ اگر تم نیکی کرو تو ان کے نزدیک زیادہ معزز نہ ہو اور اگر گناہ کرو تو تم اس کی نظروں سے نہ گرو' مطلب یہ کہ نیکی تمہارے اپنے فائدے کے لئے اور گناہ تمہارے ہی نقصان کا باعث ہو اس کے نزدیک تم دونوں حالتوں میں برابر رہو۔

انہوں نے یہ بات اس لئے فرمائی کہ اس طرح آدمی تکلف وحیاء سے بچ جاتا ہے ورنہ انسان کو جب معلوم ہو کہ فلاں کام کرنے سے میں اس کی نظروں سے گرجاؤں گا تو وہ طبعی طور پر شرم و حیاء محسوس کرتا ہے۔
تین ہم نشین :
کسی بزرگ(رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ ) نے فرمایا کہ دنیاداروں کے ساتھ ادب سے رہو' آخرت والوں کے ساتھ علم سے اور عارفین کے ساتھ جیسے چاہو رہو۔

میٹھے میٹھے اسلامی بھائيو !انسان کو چاہئے کہ ہر عقل مند دین دار آدمی سے اخوت قائم کرے اور ان شرائط کو پورا کرنے کا پکا ارادہ کرے اور دوسروں کو ان شرائط کے پورا کرنے کی تکلیف نہ دے۔ تاکہ دوستوں میں اضافہ ہو کیونکہ اس طرح اﷲ (عزوجل) کے لئے دوستی ہوتی ہے ورنہ وہ دوستی ذاتی فوائد کے لئے ہوگی۔
Flag Counter