Brailvi Books

فیضانِ اِحیاءُ العُلوم
311 - 325
ساتواں حق 

                     وفاداری اور خلوص کے ساتھ پیش آنا
وفاداری کا مطلب یہ ہے کہ اس کی محبت پر ثابت قدم رہے اور اس کے مرنے تک اسے برقرار رکھے اور جب وہ مرجائے تو اس کی اولاد اور دوستوں سے دوستی رکھے کیونکہ محبت سے اُخروی فائدہ مقصود ہوتا ہے اگر وہ مرنے سے پہلے ختم ہوجائے تو عمل اور کوشش ضائع ہوجاتی ہے اسی لئے نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم  نے جب ان سات قسم کے لوگوں کا ذکر کیا جنہیں قیامت کے دن اﷲ (عزوجل) اپنے عرش کا سایہ عطا فرمائے گا تو فرمایا '' وہ آدمی جو اﷲ (عزوجل) کے لئے ایک دوسری سے محبت کرتے ہیں اسی پر اکٹھے ہوتے ہیں اور اسی پر الگ ہوتے ہیں۔ (شرح السنۃ جلد ۳ ص ۲۸ حدیث ۳۴۶۳)

بعض حضرات نے فرمایا کہ کسی کے مرنے کے بعد اس سے تھوڑی سی وفا اس کی زندگی میں زیادہ وفا سے بہتر ہے۔

اسی لئے نبی اکرم  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم  سے مروی ہے کہ آپ  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے پاس ایک بوڑھی خاتون آئیں تو آپ  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم  نے اس کی عزت افزائی فرمائی اس سلسلے میں آپ  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم  سے پوچھا گیا تو آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا یہ خاتون حضرت خدیجہ (رضی اﷲ تعالیٰ عنہا) کے زمانے میں ہمارے پاس آیا کرتی تھی اور گزشتہ بات کو یاد رکھنا بھی دین سے ہے۔ (کنز العمال جلد ۱۲ ص ۱۳۲ حدیث ۳۴۳۴۴)

اپنے دوست سے وفا کرنے کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ اس کے تمام دوستوں' رشتہ داروں اور متعلقین کا خیال رکھا جائے۔ ان کی رعایت کا اثر دوست کے دل میں اس کی اپنی رعایت سے زیادہ مؤثر ہوتی ہے جب وہ محبوب سے متجاوز ہو کر اس کے متعلقین تک پہنچے حتی کہ اس کے دروازے پر جو کتا ہے اسے بھی دوسرے کتوں سے ممتاز سمجھنا چاہئے۔ اور اگرایسی محبت ہمیشہ کے لئے باقی نہ رہے تو شیطان خوش ہوتا ہے کیونکہ وہ نیکی پر ایک دوسرے کا تعاون کرنے والے آدمیوں پر اس قدر حسد نہیں کرتا جس قدر وہ رضائے خداوندی کے لئے باہم مواخات اور دوستی قائم کرنے والوں سے حسد کرتا ہے۔ اور وہ ذاتی طور پر ان کے درمیان فساد کا بیچ بوتا ہے۔

اﷲ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا :
وَقُلْ لِعِبَادِیْ یَقُوْلُوا الَّلِتْی ھِیَ اَحْسَنُ اِنَّ الشَّیْطَانَ یَنْزَعُ بَیْنَھُمْ۔
ترجمہ کنزالایمان''اور میرے بندوں سے فرماؤ وہ بات کہیں جو سب سے اچھی ہو بے شک شیطان ان کے آپس میں فساد ڈال دیتاہے'' (پارہ نمبر۱۵'سوره اسراء جسے سوره بنی اسرائیل بھی کہا جاتا ہے آیت ۵۳)
Flag Counter