Brailvi Books

فیضانِ اِحیاءُ العُلوم
284 - 325
اور برائی سے روکنے کے سلسلے میں جو کچھ بیان کرنا اس پر واجب ہو اور خاموشی کی اجازت نہ ہو تو اس صورت میں اس کے برا ماننے کی پرواہ نہ کرے کیوں کہ حقیقتاً یہ اس پر احسان ہے اگر چہ اس کے خیال میں بظاہربرائی ہے ۔

جہاں تک اس کی اور اس کے گھر والوں کی برائیاں اور عیب بیان کرنے کا تعق ہے تو یہ غیبت ہے اور یہ ہرمسلمان کے حق میں حرام ہے اور اس سے دو باتیں روکتی ہیں ۔

ایک یہ تم خود اپنے حالات پر غور کرو اگر ان میں کوئی قابل مذمت بات پاؤ تو جو کچھ اپنے بھائی میں پاتے ہو اسے ناگوار نہ جانو اور یو ں سمجھو کہ وہ اس ایک بات میں اپنے نفس کو قابو کرنے سے تمہاری طرح عاجز ہے اور اس ایک بُری خصلت کی وجہ سے اسے برا نہ سمجھوکیونکہ ایسا آدمی کہاں ہے جو برائی سے خالی ہو اور حقوق خداوندی (عزوجل) کے سلسلے میں جو کام تم خود نہیں کرتے اپنے بھائی سے بھی اس کام کا انتظار نہ کرو کیونکہ اﷲ(عزوجل) کا جس قدر تم پر حق ہے اس پر تمہارا حق اس سے زیادہ نہیں ہے ۔

او ر دوسری بات یہ کہ تم جانتے کہ اگر تم ہر عیب سے پاک آدمی تلاش کروگے تو خود تمہیں مخلوق سے الگ رہنا پڑے گا اور اپنے لئے کوئی ساتھی بالکل نہیں پاؤ گے ۔کیونکہ ہر انسان میں خوبیاں بھی ہوتی ہیں اور بُرائیاں بھی ،جب خوبیاں ،برائیوں پر غالب ہوں تو اس پر اکتفا کریں اور اسے غنیمت جانیں کیونکہ مومن ہمیشہ اپنے بھائی کی خوبیوں کوسامنے رکھتا ہے تاکہ اس کے دل میں اس کا احترام ،عزت اور محبت پیدا ہو ۔لیکن منافق اور کمینہ آدمی ہمیشہ بُرائیاں اور عیب تلاشی کرتا ہے ۔
مومن کی مدنی سوچ :
چنانچہ حضرت سیدنا عبد اﷲ بن مبارک (رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ) فرماتے ہیں ۔

مومن معذرت تلاش کرتا ہے اورمنافق لغزشوں کا جویا ہوتا ۔ حضرت سیدنا فضیل (رضی اﷲ تعالیٰ عنہُ) فرماتے ہیں '' بھائیوں کی لغزشوں کو معاف کرنا جوانمردی ہے '' اسی لئے نبی اکرم نور مجسم تاجدار عرب و عجم  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا :
اِسْتَعِیْذُوْا بِاﷲِ مِنْ جَارِ السُّوْءِ اِنْ رَاَئی خَیْرًا سَتَرَہُ وَ اِن رَایٰ شَرًّا اَظْھَرَہ'۔
'' بُرے پڑوسی سے اﷲ (عزوجل) کی پناہ مانگو وہ اچھی بات دیکھے تو چھپاتا ہے اور اگر بُرائی دیکھے تو ظاہر کردیتا ہے'' 

اور ہر آدمی کی کچھ عادات ایسی ہوتی ہیں جن پر اس کی تعریف کی جاسکتی ہے اورکچھ باتوں پر اس کی برائی بیان کرنا بھی ممکن ہے ۔                     (المستدرک للحاکم جلد اول ۵۳۲ کتاب الدعا)
Flag Counter