| فیضانِ اِحیاءُ العُلوم |
اور قبولیت ہے اور علم اس کا وسیلہ ہے اور استاذ علم کا وسیلہ ہے لہٰذا یہاں کوئی بھی بات اﷲ تعالیٰ کے لئے محبت قرار نہیں پاتی۔ کیونکہ یہ تمام امور تو ان لوگوں سے بھی مقصود ہوتے ہیں جو اﷲ تعالیٰ پر ایمان نہیں لاتے۔ پھر اس کی دو قسمیں ہیں ایک مذموم ہے اور دوسری مباح ہے۔ اگر مذموم مقاصد کا حصول مقصود ہو مثلاً ہمعصر لوگوں کو نیچا دکھانا' یتیموں کا مال ہڑپ کرنا اور قاضی بن کر رعایا کو ستانا وغیرہ تو یہ محبت مذموم ہے اور اگر اس کے ذریعے اﷲعزوجل کے علاوہ کسی اور جا ئز مقصد تک پہنچنا ہو تو یہ محبت بھی مباح ہوگی۔ گویا وسیلہ کا حکم وہی ہوگا جو اصل مقصود کا ہے کیونکہ یہ اس کے تابع ہے ذاتی طور پر قائم نہیں ہے۔
تیسری قسم :
جس سے محبت کی جائے تو اس کی ذات کی وجہ سے نہیں بلکہ غیر کی وجہ سے ہو اور وہ غیر، دنیاوی مفادات میں سے نہ ہو بلکہ آخرت کے فوائد کی طرف لوٹے' یہ بھی ظاہر بات ہے مثلاً ایک شخص اپنے استاذ یا مرشد سے اس لئے محبت کرتا ہے کہ اس کے ذریعے حصول علم اور اچھے عمل تک پہنچتا ہے۔ اور علم سے آخرت کی کامیابی مقصود ہے' تویہ شخص ان لوگوں میں شامل ہے جو اﷲ تعالیٰ کے لئے ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں' اسی طرح جو استاداپنے شاگرد سے اس لئے محبت کرتا ہے کہ وہ اس سے علم حاصل کرتا ہے اور اس کے واسطہ سے اسے رتبہ تعلیم ملتا ہے اور اس کے ذریعے وہ آسمان کی بادشاہی میں تعظیم کے درجہ تک پہنچتا ہے جیسا کہ حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا۔
عظیم کون :
'' جو شخص علم حاصل کرتا ہے اور عمل کرتا ہے وہ آسمان کی بادشاہی میں عظیم کہلاتا ہے'' اور تعلیم شاگرد کے ذریعے پوری ہوتی ہے تو اس صورت میں یہ (شاگرد) اس کمال کا آلہ ہے' پس اگر وہ اس سے اس لئے محبت کرے کہ یہ اس درجہ کمال تک پہنچنے کا آلہ ہے کہ اس کے سینے کو اس کے لئے کھیتی بنایا گیا اور یہ اس کی ملکوتِ آسمانی میں مرتبہ تعظیم کا سبب ہے تو یہ شخص بھی اﷲ تعالیٰ سے محبت کرنے والاشمار ہوگا۔ بلکہ جو شخص اپنا مال اﷲ تعالیٰ کے لئے صدقہ کرتااور مہمانوں کو جمع کرتا ہے ان کے لئے اچھے اچھے کھانے تیارکرتا ہے اور اس سے اﷲ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا چاہتا ہے اب وہ کسی ماہر باورچی سے اس لئے محبت کرتا ہے کہ وہ کھانا اچھا پکاتا ہے تو یہ بھی اﷲ تعالیٰ کے لئے محبت کرنے والوں میں سے ہے۔ اسی طرح اگر وہ اس آدمی سے محبت کرے جو اس کی طرف سے مساکین تک صدقہ پہنچادے تو یہ بھی اس سے اﷲ تعالیٰ کے لئے محبت کرتا ہے۔