Brailvi Books

فیضانِ اِحیاءُ العُلوم
239 - 325
سات خوش نصیب :
''سات قسم کے آدمیوں کو اس دن اﷲ (عزوجل) سایہ عطا فرمائے گا جس دن اس کے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہ ہوگا۔(۱) انصاف کرنے والا حکمران' (۲)وہ نوجوان جو اﷲ(عزوجل)کی فرمانبرداری میں پروان چڑھا' (۳)وہ شخص جو مسجد سے نکلے تو واپسی تک اس کا دل مسجد ہی میں لگا رہے' (۴)وہ دو آدمی جو اﷲ (عزوجل) کے لئے محبت کرتے ہیں اسی پر اکٹھے ہوتے ہیں اور اسی پر جدا ہوتے ہیں' (۵)وہ شخص جو علیحدگی میں اﷲ (عزوجل) کو یاد کرتا ہے تو اس کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوتے ہیں' (۶)وہ مرد جسے کوئی خوبصورت اور خاندانی عورت (گناہ کی طرف) بلاتی ہے تو وہ کہتا ہے میں اﷲ (عزوجل) سے ڈرتا ہوں' (۷)اور وہ آدمی جو صدقہ دیتا ہے تو اسے اس طرح چھپا کر دیتا ہے کہ اس کے بائیں ہاتھ کو بھی معلوم نہیں ہوتا کہ دائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا ہے''۔ (صحیح بخاری جلد اول ص ۱۹۱ کتاب الزکوٰۃ)

رسول اکرم نبیِ محتشم  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا:

''جو شخص اﷲ (عزوجل) کی رضا کی خاطر کسی دوسرے شخص سے اس کی ملاقات کا شوق اور رغبت کرتے ہوئے اس سے ملاقات کرتا ہے تو اس کے پیچھے سے ایک فرشتہ آواز دیتا ہے کہ تو پاک ہوا' تیرا چلنا پاک ہے اور تیرے لئے پاکیزہ جنت ہے۔ ''(جامع ترمذی ص ۲۹۴ ابواب البر)

محبوب کردگارسرکاروالا تبار صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا۔

'' ایک شخص اپنے ایک دینی بھائی سے ملاقات کے لئے گیا تو اﷲ (عزوجل) نے اس کے راستے میں ایک فرشتہ بٹھا دیا' اس نے پوچھا کہاں جارہے ہو ؟ اس نے جواب دیا فلاں بھائی سے ملاقات کے لئے جارہا ہوں' اس نے پوچھا اس سے کوئی کام ہے اس نے جواب دیا نہیں' فرشتے نے پوچھا تمہارے درمیان کوئی رشتہ داری ہے ؟ اس نے کہا نہیں' پوچھا اس نے تم پر کوئی احسان کیا ہے ؟ اس نے جواب دیا نہیں۔ اس نے پوچھا تو پھر کیوں اس سے ملاقات کررہے ہو؟ اس نے کہا میں اﷲ (عزوجل) کے لئے اس سے محبت کرتا ہوں۔ فرشتے نے کہا اﷲ (عزوجل) نے مجھے تمہاری طرف بھیجا ہے اور وہ تمہیں مطلع کرتا ہے کہ وہ (اﷲ عزوجل) تم سے محبت کرتا ہے اور اس نے تمہارے لئے جنت واجب کردی ہے''۔

                     (صحیح مسلم جلد ۲ ص ۳۱۷ کتاب البر)
ایمان کی رسی :
رسول کریم مالک تسنیم (صلی اللہ تعالی علیہ وسلم)نے فرمایا۔
اَوْثَقُ عُرَی الْاِیْمَانِ الْحُبُّ فِی اﷲِ وَالْبُغْضُ فِی اﷲِ۔
Flag Counter