Brailvi Books

فیضانِ اِحیاءُ العُلوم
176 - 325
جنت کیا ہے :
پس جب موت کے وقت دل پر اہل وعیال' مال' مکان' زمین' دوستوں اور ساتھیوں کی محبت غالب ہو تو اس شخص کا مرکزِ محبت دنیا ہوگا چنانچہ دنیا اس کی جنت ہے کیونکہ جنت اس جگہ کو کہتے ہیں جہاں تمام محبوب جمع ہوں پس اس کی موت جنت سے نکلنا اور اس کے اور اس کی خواہشات کے درمیان رکاوٹ کا نام ہے اور ایسے آدمی کا حال مخفی نہیں ہے۔

چنانچہ جس کے لئے اﷲ تعالیٰ' اس کے ذکر' معرفت اور فکر کے سوا کوئی محبوب نہ ہوتو یہ دنیا اس کیلئے قید خانہ ہے کیونکہ قید خانہ وہ ہوتا ہے جو قیدی کو اس کی محبوب چیز وں کے حصول میں مانع ہو پس اس کی موت محبوب کی طرف جانا اور قید خانے سے چھٹکارا حاصل کرناہے اور جو شخص قید خانے سے آزاد ہوجائے اور اس کے اور اس کے محبوب کے درمیان تخلیہ ہو اور کسی قسم کی رکاوٹ اور خرابی باقی نہ رہے اس کا حال بھی پوشیدہ نہیں ہے۔تو ایسا شخص جب دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو موت کے بعد سب سے پہلے یہی فائدہ حاصل کرتا ہے اور جو کچھ اﷲ تعالیٰ نے اپنے نیک بندوں کے لئے تیار کررکھا ہے وہ اس کے علاوہ ہے جسے نہ کسی آنکھ نے دیکھا' نہ کسی کان نے سنا اور نہ ہی کسی دل میں اس کا خیال پیدا ہوا۔

اور جو کچھ اﷲ تعالیٰ نے ان لوگوں کے لئے پیدا کیا جو دینوی زندگی کو آخرت پر ترجیح دیتے ہیں اس پر راضی اور مطمئن ہوتے ہیں ان کے لئے سزا' زنجیریں اور بیڑیاں پیدا کیں اور طرح طرح کی ذلت الگ ہے ہم اﷲ تعالیٰ کی بارگاہ میں سوال کرتے ہیں کہ وہ ہمیں حالت اسلام میں عافیت کے ساتھ موت دے اور نیک لوگوں کے ساتھ ملا دے۔

اور اس دعاکی قبولیت کی طمع اسی وقت ہوسکتی ہے جب اﷲ تعالیٰ کی محبت حاصل کی جائے اور محبتِ خداوندی کے حصول کے لئے اس کے غیر کی محبت کو دل سے نکالنا اور اﷲ تعالیٰ کے سوا جو کچھ ہے یعنی جاہ ومرتبہ' مال اور وطن وغیرہ سب سے قطع تعلق کرنا ضروری ہے۔ زیادہ مناسب یہی ہے کہ ہم وہی دعا مانگیں جو تاجدارِ انبیاء نبی اکرم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے مانگی۔

آپ  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے یوں دعا مانگی ۔
اَللَّھُمَّ اَرْزُقْنِیْ حُبَّکَ وَحُبَّ مَنْ اَحَبَّکَ وَحُبَّ مَا یُقَرّبُنْی

 اِلیٰ حُبِّکَ وَاجْعَلْ حُبَّکَ اَحَبَّ اِلَیَّ مِنَ الْمَاءِ الْبَارِدِ
ترجمہ : '' یا اﷲ (عزوجل) ! مجھے اپنی محبت عطا فرمااور ا ن کی بھی جو تجھ سے محبت کرتے ہیں ' اور اس عمل کی محبت جو مجھے تیری محبت کےقریب کردے' عطا فرما اور اپنی محبت کو میرے نزدیک ٹھنڈے پانی سے زیادہ محبوب بنا دے'' (مشکوٰۃ شریف ص ۲۹۱ باب جامع الدعا)
Flag Counter