Brailvi Books

فیضانِ اِحیاءُ العُلوم
133 - 325
انہیں کوئی نئی نصیحت آتی ہے تو اسے نہیں سنتے مگر کھیلتے ہوئے ان کے دل کھیل میں پڑے ہیں '' (پارہ ۱۷' سوره  انبیاء' آیت ۱تا۳)

اے نفس ! اگر گناہ پر تیری جرأ ت اس عقیدے کی بنیاد پر ہے کہ اﷲ تعالیٰ تجھے نہیں دیکھتا تب تو تو کافر ہے اور اگر تو جانتا ہے کہ وہ تجھے دیکھ رہا ہے تو کس قدر بے حیا ہے ،اگر تیرا کوئی غلام یا بھائی تیرے سامنے ایسا کام کرے جسے تو ناپسند کرتا ہے توتو اس پر غضبناک اور ناراض ہوتا ہے ۔تو توکس جسارت کے تحت اﷲ تعالیٰ کے غضب اور ناراضگی کو دعوت دیتا ہے۔

اے نفس ! کیا تیرا یہ خیال ہے کہ تو اس کے عذاب کو برداشت کرلے گا ؟ہر گز نہیں ۔اپنے دل سے اس خیال کو نکال دے ۔اگر تیرا غرور تجھے اسکے سخت عذاب سے غافل رکھتا ہے تو اپنی طاقت کا امتحان لے مثلاً کچھ دیر سورج کی تیز دھوپ میں کھڑا ہو یا تنورکے قریب بیٹھ یا اپنی انگلی کو آگ کے قریب کر ۔تجھے اپنی طاقت کا علم ہوجائے گا۔ کیا تو اﷲ تعالیٰ کے کرم اور فضل سے ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور تو یہ سمجھتا ہے کہ اللہ لکوہماری عبادت کی کیا ضرورت ہے اور اللہ (عزوجل) ضرور ہمیں بغیر کسی امتحان کے ہی بخش دے گا۔یہ بات تو ٹھیک ہے کہ اسے بندوں کی عبادت کی کوئی ضرورت نہیں اور وہ جسے چاہے بغیر حساب کے بخش دے لیکن عمل کا حکم بھی تو اسی کی طرف سے ہے جان بوجھ کر نافرمانی کر کے ثواب کی امید لگانا کیا عقل مندی ہے پھر دوسری بات یہ کہ اگر تجھے رب (عزوجل) کے فضل و کرم کی اتنی ہی امید ہے توتوُدنیا کے کاموں کو محض اﷲ تعالیٰ کے کرم کے بھروسے پر کیوں نہیں چھوڑ دیتااور جب تجھے کوئی دنیوی خواہش پیش آتی ہے جو درھم اور دینار کے بغیر پوری نہیں ہوسکتی تو اس وقت تیرا دم کیوں نکلتا ہے ؟تو مختلف طریقوں سے اس کی طلب اور حصول کی کوششیں کیوں کرتا ہے ؟تو اسے اﷲ تعالیٰ کے کرم کے حوالے کیوں نہیں کرتا ؟کہ وہ تجھے کوئی خزانہ بتائے یا اپنے کسی بندے کو حکم دے دے کہ وہ کسی محنت کے بغیر ہی تیری ضرورت تیرے قدموں میں لا کر رکھ دے ۔اورکیا تیرا یہ خیال ہے کہ اﷲ تعالیٰ آخرت میں کریم ہے دنیا میں نہیں ہے ؟حالانکہ اﷲ تعالیٰ کا طریقہ بدلتا نہیں ہے اور دنیا و آخرت کا رب ایک ہی ہے اور انسان کے لئے وہی کچھ ہے جس کے لئے اس نے کوشش کی۔

اے نفس ! تیرا نفاق اور جھوٹے دعوے بڑے عجیب ہیں تو زبان سے ایمان کا دعویٰ کرتا ہے جب کہ نفاق کا اثر تجھ پر ظاہر ہے کیا تیرے مولا اور آقا لنے تجھے نہیں فرمایا۔

ۤ
وَمَا مِنۡ دَآبَّۃٍ فِی الۡاَرْضِ اِلَّا عَلَی اللہِ رِزْقُہَا
ترجمہ کنز الایمان : ''اور زمین پر چلانے والا کوئی ایسا نہیں جس کا رزق اﷲ کے ذمہ کرم پر نہ ہو''(پارہ۱۲ 'سوره  ہود ' آیت۶)
Flag Counter