حُلیہ مبارک
حضرت سیدناداتاعلی ہجویر ی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کا قد درمیانہ ،جسم سُڈول (یعنی متناسب اورخوبصورت)اورگھٹاہوا(یعنی مضبوط)تھا۔جسم کی ہڈیاں مضبوط اور بڑی تھیں ۔ فَراخ(یعنی کشادہ) سینہ اور ہاتھ پاؤ ں مُناسب تھے ۔چہرہ گو ل تھا نہ لمبا ، سرخ و سفید ،چمکدار رنگت،کشادہ جَبین(یعنی پیشانی) اور بال سیاہ گھنے تھے ۔بڑی اور خوبصورت آنکھوں پر خَمْدار گھنی اَبر و تھی،سُتْواں(پتلی) ناک ،درمیانے ہونٹ اور رُخسار بھرے ہوئے تھے ،چوڑے اور مضبوط شانوں پر اٹھتی ہوئی گردن ۔ رِیش(یعنی داڑھی) مُبارک گھنی تھی ،آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بڑھے جاذِبِ نظر اور پُرکَشش تھے ۔ (۱)
لباس
حضرت سیدناداتاعلی ہجویر ی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ لباس کے مُعاملے میں کسی قسم کا تَکَلُّف نہ برتتے ، مَیانہ رَوی اِختیار فرماتےتھے اور جو لباس مُیَسَّر ہوتا صبر و شُکر کرتے ہوئے زیب ِ تن فرما لیتےگو یا آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کا لباس نَمود و نمائش کےلیے نہ ہوتا بلکہ صرف تَن ڈھانپنے کےلیے ہوتا ۔ (۲)
لباس سنّتوں سے ہو آراستہ اور عمامہ ہو سر پر سجا یاالٰہی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
۱ … سوانح عمری حضرت داتا گنج بخش،ص۲۴
۲ … سوانح عمری حضرت داتا گنج بخش،ص۲۴