سوال سجدۂ تلاوت میں دوسنت اوردو مستحب کون سے ہیں ؟
جواب سجدۂ تلاوت سے پہلے اور بعد دونوں بار اَللہُ اَکْبَر کہنا سنت ہے اور کھڑے ہو کر سجدہ میں جانا اور سجدہ کے بعد کھڑا ہونا یہ دونوں قیام مستحب ہیں ۔ (1)
سوال وہ کیا صورت ہے کہ آیتِ سجدہ سنی اور سجدہ کئے بغیر اس کا سجدہ ہوگیا؟
جواب اگر امام سے آیت سنی مگر امام کے سجدہ کرنے کے بعد اسی رکعت میں شامل ہوا تو امام کا سجدہ اس کے ليے بھی ہے اور دوسری رکعت میں شامل ہوا تو نماز کے بعد سجدہ کرے ۔ (2)
سوال نماز میں آیتِ سجدہ پڑھی تو سجدہ کرنے میں کتنی تاخیر کرنے سے گنہگار ہوگا؟
جواب تین آیت سے زیادہ دیر لگاناگناہ ہے ۔ تراویح یا کسی بھی نماز میں اگر آیتِ سجدہ پڑھے تو فوراً سجدہ واجب ہے ۔ (3)
سوال کیانماز کے علاوہ آیتِ سجدہ پڑھتے ہی فورا ًسجدہ واجب ہوجاتا ہے ؟
جواب آیتِ سجدہ بیرونِ نماز پڑھی تو فوراً سجدہ کرلینا واجب نہیں ، ہاں بہتر ہے کہ فوراً کرلے اور وضو ہو تو تاخیر مکروہِ تنزیہی ہے ۔ (4)
سوال نماز میں سجدۂ تلاوت کے بعد کھڑے ہوکربغیر کچھ تلاوت کئے رکوع کرنا کیسا؟
جواب ایسی صورت میں سجدہ ادا تو ہوجائے گا مگر ایسا کرنا مکروہ ہے ۔ (5)
________________________________
1 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الثالث عشر فی سجود التلاوة ، ۱ / ۱۳۵ ۔
2 - درمختار مع ردالمحتار ، کتاب الصلاة ، باب سجود التلاوة ، ۲ / ۶۹۶ ، بہار شریعت ، حصہ۴ ، ۱ / ۷۲۸ ۔
3 - ماخوذ از فتاویٰ رضویہ ، ۸ / ۲۳۹ ۔
4 - درمختار مع ردالمحتار ، کتاب الصلاة ، باب سجود التلاوة ، ۲ / ۷۰۳ ۔
5 - ماخوذ از فتاویٰ رضویہ ، ۸ / ۲۳۵ ۔