سوال پاگل پن یا بیہوشی کی حالت میں رہ جانے والی نمازوں کا کیا حکم ہے ؟
جواب جنون یابے ہوشی اگر پورے چھ وقت کو گھیرلے تو ان نمازوں کی قضابھی نہیں ، اگرچہ بے ہوشی آدمی یا درندے کے خوف سے ہو اور اس سے کم ہو تو قضا واجب ہے ۔ (1)
سوال نمازوں میں ترتیب سے کیا مراد ہے اور ترتیب کس پر فرض ہے کس پر نہیں؟
جواب پانچوں فرضوں میں باہم اور فرض و وتر میں ترتیب ضروری ہے کہ پہلے فجر پھرظہر پھر عصر پھر مغرب پھر عشا پھر وتر پڑھے ، خواہ یہ سب قضاہوں یابعض ادا بعض قضا ، مثلاً ظہر کی قضا ہوگئی تو فرض ہے کہ اسے پڑھ کر عصر پڑھے اگر یاد ہوتے ہوئے عصر پڑھ لی تو ناجائز ہے ۔ (2) البتہ جس کی چھ نمازیں قضا ہوگئیں کہ چھٹی کا وقت ختم ہوگیا اس پر ترتیب فرض نہیں ، اب اگرچہ وقت میں گنجائش ہو اور وہ پچھلی نمازادا کئے بغیر وقتی نماز پڑھے تو ہوجائے گی ۔ (3)
سجدۂ تلاوت ، سجدۂ شکر
سوال کس صورت میں آیتِ سجدہ پڑھے اور سنے بغیر سجدۂ تلاوت واجب ہوجاتا ہے ؟
جواب امام نے آیتِ سجدہ پڑھی تو اس صورت میں اگرچہ مقتدی نے آیتِ سجدہ نہ پڑھی اور نہ سنی مگر امام کے ساتھ اس پر بھی سجدۂ تلاوت کرنا واجب ہے ۔ (4)
________________________________
1 - درمختار ، کتاب الصلاة ، باب صلاة المریض ، ۲ / ۶۹۲ ۔
2 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی عشر فی قضاء الفوائت ، ۱ / ۱۲۱ ۔
3 - درمختار مع ردالمحتار ، کتاب الصلاة ، باب قضاء الفوائت ، ۲ / ۶۳۷ ۔
4 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الثالث عشر فی سجود التلاوة ، ۱ / ۱۳۳ ۔