عوام فرض کے بعد فوراً پڑھ لیا کرتے ہیں یہ ناجائز ہے ، پڑھنا ہو تو آفتاب بلند ہونے کے بعدزوال سے پہلے پڑھیں ۔ (1)
سوال سفر میں چار رکعت والی نماز قضا ہوئی تو اقامت میں کتنی رکعت ادا کرے ؟
جواب جو نماز جیسی فوت ہوئی اس کی قضا ویسی ہی پڑھی جائے گی ، مثلاً سفر میں نماز قضا ہوئی تو چار رکعت والی دو ہی پڑھی جائے گی اگرچہ اقامت کی حالت میں پڑھے اور حالتِ اقامت میں فوت ہوئی تو چار رکعت والی کی قضا چار رکعت ہے اگرچہ سفر میں پڑھے ۔ (2)
سوال کیا قضا نماز باجماعت پڑھی جاسکتی ہے ؟
جواب اگر کسی امرِ عام کی وجہ سے جماعت بھر کی نماز قضا ہوگئی تو جماعت سے پڑھیں ، یہی افضل ومسنون ہے اور مسجد میں بھی پڑھ سکتے ہیں ، اور جہری نمازوں میں امام پر جہر واجب ہے اگرچہ قضا ہواوراگر کسی خاص وجہ سے بعض افراد کی نماز جاتی رہی تو گھر میں تنہا پڑھیں کہ معصیت کا اظہاربھی معصیت ہے ۔ (3)
سوال کیا جمعۃ الوداع میں باجماعت قضائے عمری پڑھنے سے عمر بھر کی قضا ادا ہوجاتی ہے ؟
جواب نہیں ، رمضان المبارک کے آخری جمعہ میں بعض لوگ باجماعت قضائے عمری پڑھتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ عمر بھر کی قضائیں اسی ایک نماز سے ادا ہو گئیں یہ باطل محض ہے ۔ (4)
________________________________
1 - بہار شریعت ، حصہ۴ ، ۱ / ۶۶۴ ، ۶۶۵ ۔
2 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی عشر فی قضاء الفوائت ، ۱ / ۱۲۱ ۔
3 - فتاوی رضویہ ، ۸ / ۱۶۲ ۔
4 - نماز کے احکام ، ص۳۳۶ ۔