سوال بچے کے کان میں اذان و اِقامت کتنی مرتبہ کہی جاتی ہے ؟
جواب دہنے کان میں چار مرتبہ اذان اور بائیں میں تین مرتبہ اِقامَت کہی جائے ۔ (1)
سوال مسجد میں کس جگہ کھڑے ہوکر اذان کہی جائے ؟
جواب اَذان مِئذنَہ ( منارہ) پر کہی جائے يا خارجِ مسجد اور مسجد میں اَذان نہ کہے ۔ (2) مسجد میں اَذان کہنامکروہ ہے ۔ (3)
سوال مُؤذِّن کے علاوہ کسی اور شخص کا اقامت کہنا کیسا؟
جواب اگر مُؤذِّن موجود ہے تو اس کی اجازت سے دوسرا کہہ سکتا ہے کہ یہ اسی کا حق ہے اور اگر بے اجازت کہی اور مُؤذِّن کو ناگوار ہوتو مکروہ ہے ۔ اگر مُؤذِّن موجود نہیں تو جو چاہے اِقامَت کہہ لے اور بہتر امام ہے ۔ (4)
نماز
سوال کیا پانچ نمازیں فرض ہونے سے پہلے بھی کوئی نماز تھی؟
جواب پانچ نمازیں فرض ہونے سے پہلے طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب سے پہلے کی نماز مُقَرَّر تھی یا نہیں اس میں علمائے کرام کا اختلاف ہے ، امامِ اہلسنّت مولانا شاہ احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن کے فرمان کا مفہوم یہ ہے کہ زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ شبِ معراج سے پہلے صرف قیامِ لیل یعنی رات کا قیام فرض تھا ۔ (5)
________________________________
1 - بہار شریعت ، حصہ ۱۵ ، ۳ / ۳۵۵ ۔
2 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الثانی فی الاذان ، ۱ / ۵۵ ۔
3 - حاشیة طحطاوی ، کتاب الصلاة ، باب الاذان ، ص۱۹۷ ۔
4 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الثانی فی الاذان ، ۱ / ۵۴ ، بہار شریعت ، حصہ ۳ ، ۱ / ۴۷۰ ۔
5 - فتاوی رضویہ ، ۵ / ۷۶ ۔