سوال کیا گدّے یا دَرِی وغیرہ سے تیمم کیا جاسکتا ہے ؟
جواب گدّے اور دری وغیرہ میں غُبار ہے تو اس سے تیمم کر سکتا ہے اگرچہ وہاں مٹی موجود ہو جب کہ غبار اتنا ہو کہ ہاتھ پھیرنے سے انگلیوں کا نشان بن جائے ۔ (1)
سوال غسل فرض ہو لیکن پانی صرف وضو جتنا ہے تو کیا حکم ہے ؟
جواب اتنا پانی ملا جس سے وُضو ہو سکتا ہے اور اسے نہانے کی ضرورت ہے تو اس پانی سے وُضو کر لینا چاہئے اور غُسل کے لیے تیمم کرے ۔ (2)
سوال کوئی تیمم کرکے نماز پڑھ رہاتھا کہ کسی کے پاس پانی دیکھااب کیا کرے ؟
جواب اگر گمانِ غالب ہے کہ وہ پانی دے دیگا تو چاہئے کہ نماز توڑ دے اور اس سے پانی مانگے ، اگر نہیں مانگا اور نماز پوری کرلی اور بعد میں اس نے پانی دے دیا تو نماز کا اِعَادَہ لازم ہے ۔ (3)
سوال سردی کے سبب کس صورت میں تیمم جائز ہوگا؟
جواب اتنی سردی ہو کہ نہانے سے مر جانے یا بیمار ہونے کا قوی اندیشہ ہو اور لحاف وغیرہ کوئی ایسی چیز اس کے پاس نہیں جسے نہانے کے بعد اوڑھے اور سردی کے ضَرَر سے بچے نہ آگ ہے جسے تاپ سکے تو تیمم جائز ہے ۔ (4)
________________________________
1 - فتاویٰ رضویہ ، ۳ / ۳۰۲ ۔
2 - فتاوی تاتار خانیة ، کتاب الطھارة ، الفصل الخامس فی التیمم ، ۱ / ۲۵۵ ۔
3 - فتاوی ھندیة ، کتاب الطھارة ، الباب الرابع فی التیمم ، ۱ / ۲۹ ۔
4 - درمختار مع ردالمحتار ، کتاب الطھارة ، باب التیمم ، ۱ / ۴۴۳ ، بہار شریعت ، حصہ ۲ ، ۱ / ۳۴۸ ۔