Brailvi Books

دلچسپ معلومات ( حصہ 2)
5 - 360
ایک نظر ادھر بھی
	اللہ عَزَّ  وَجَلَّکی ایک صفت علم ہے ، اسی نورسے حضرات انبیاء کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کو مُنوَّر فرمایا گیا ، پھر اسی روشنی سے ان نفوسِ قدسیہ کے  طفیل اولیاء وصالحین  بھی چمکے اور اِن سے یہ نور پاکر عام لوگ روشن ہوئے ۔ علمائے اُمّت نے تصنیف وتدریس اور دیگر ذرائع سے نورِ علم کی حفاظت فرمائی جبکہ  آنے والی نسلوں تک علم کی روشنی پہنچانے کے لیے اکابرینِ اُمّت اور ماہرینِ تعلیم نے ہر دور میں نت نئے طریقے  متعارف کروائے ۔ 
	دورِ حاضر میں بھی پیارے آقا ، مدینے والے مصطفیٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی پیاری اُمت کو زیورِ علم سے آراستہ کرنے کے لیے اُمت کے خیرخواہ ، اُن کی بھلائی کے خواہاں اوراُن کی نجات وفلاح کے حریص افرادنے زمانے کے تقاضوں کے مطابق نئے اور دلچسپ  طریقے رائج فرمائے  ۔ شیخِ طریقت ، امیرِاہلسنّت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اس میدان کی صفِ اوّل کی ممتاز ومنفرد شخصیت  ہیں جنہوں نے علم کی ترویج واشاعت کے لیے کئی مَجالس اور شعبہ جات قائم فرمائے  جو شب وروز اُمتِ رسول کو نورِ علم سے مالا مال  کرنے میں مگن ہیں  ۔ 
	نورِ علم بانٹنے والا دعوتِ اسلامی کاایک عظیم شعبہ”مدنی چینل“ ہے جو پوری دنیا میں قرآن وسنت کا علم  عام کر رہا ہے ، اس کے مقبولِ عام سِلسلوں میں سے ایک دلچسپ سلسلہ” ذہنی آزمائش“بھی ہے جس میں بڑی خوبصورتی اور پُرحکمت انداز میں مسلمانوں کو علمِ دین سے روشناس کروایا جاتا ہے ، اب تک اس کے آٹھ سیزن ہو چکے ہیں ، اس میں پوچھے گئے سوالات  اور ان کے جوابات کاتحریری گلدستہ”دلچسپ معلومات  (  سوالاًجواباً) حصہ2“آپ کے ہاتھوں میں ہے ، پہلے حصے کی طرح یہ بھی 8عنوانات کے تحت 92 موضوعات کے بارہ بارہ سوالات وجوابات پر مشتمل ہے ۔ آئیے ، بڑوں اور بچوں کے لیے یکساں مفید اِس خزینۂ علم سے موتی چُن کر اپنے علم وعمل میں اضافہ کریں ۔