سوال ولایت کسبی ہے یا عطائی؟
جواب ولایت یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا مُقرّب و مقبول بندہ ہونا محض اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا عطیہ ہے جو کہ مولیٰ کریم عَزَّ وَجَلَّ اپنے برگزیدہ بندوں کو اپنے فضل و کرم سے نوازتا ہے ۔ ہاں عبادت وریاضت بھی کبھی کبھی اس کا ذریعہ بن جاتی ہے اور بعضوں کو ابتداءً بھی مل جاتی ہے ۔ (1)
سوال کیا ولی ہونے کے لیے کرامت کا ظہور ضروری ہے ؟
جواب اکثراولیاءِ کرام سے کرامات ظاہر ہوتی ہیں ، اولیاءِ کرام اپنی ولایت اور کرامات کو چھپاتے ہیں ، ہاں جب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے حکم پاتے ہیں تو ظاہر کردیتے ہیں ۔ اس کامطلب یہ ہرگز نہیں کہ جس سے کرامت ظاہر نہ ہو وہ ولی ہی نہیں ۔ (2)
سوال فیضانِ اولیاء ہم تک کس طرح پہنچتا ہے ؟
جواب اَوْلِیَاءُ اللہ کی محبت دونوں جہانوں کی سعادت اور رضائے الٰہی کا سبب ہے ۔ ان کی برکت سے اللہ تعالیٰ مخلوق کی حاجتیں پوری کرتا ہے ۔ ان کی دعاؤں سے مخلوق فائدہ اٹھاتی ہے ۔ ان کے مزاروں کی زیارت ، ان کے عُرسوں میں شرکت سے بَرکات حاصل ہوتی ہیں ، ان کے وسیلہ سے دعا کرنا قبولیّت کا ذریعہ ہے ۔ ان کی سیرتوں سے رہنمائی حاصل کرکے گمراہی سے بچ کر صراطِ مستقیم پر استقامت کے ساتھ چلا جاسکتا ہے ، ان کی پیروی کرنے میں نجات ہے ۔ (3)
________________________________
1 - بنیادی عقائد اور معمولات اہلسنت ، ص۸۳ ۔
2 - بنیادی عقائد اور معمولات اہلسنت ، ص۸۴ ۔
3 - بنیادی عقائد اور معمولات اہلسنت ، ص۸۵ ۔