سوال خاص ولایت کن لوگوں کو حاصل ہے ؟
جواب خاص ولایت ( اہلِ طریقت میں) ان لوگوں کے لئے مخصوص ہے جو فنا فِی الشیخ کے ذریعے فنافِی الرَّسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہو کر فنا فِی اللہہوگئے ۔ (1)
سوال قرآنِ کریم سے اولیاءِ کرام کی کرامات بیان کیجئے ؟
جواب قرآنِ پاک میں ولیوں کی کرامات کاذکر موجودہے ، مثلاً حضرت سیدتنا مریم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَاکے پاس بے موسم کے پھل آنے والا واقعہ ۔ (2) حضرت سیدتنامریم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہَاکے کھجور کے سوکھے تنے کو ہلانے پر پکی ہوئی عمدہ اور تازہ کھجوریں گرنے والا واقعہ ۔ (3) حضراتِ اصحابِ کہف رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ کا غار میں سینکڑوں سال تک سوئے رہنے والا واقعہ ۔ (4) اورحضرت آصف بن برخیارَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کا پلک جھپکنے سے پہلے میلوں دور سے تخت لانے والا واقعہ ۔ (5) یہ سب واقعات ولی سے کرامات ظاہر ہونے کی دلیل ہیں ۔
سوال اولیاءِ کرام کو لوگوں میں پوشیدہ رکھنے کی کیا حکمت ہے ؟
جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّنے اپنے ولی کو لوگوں میں اِس لیے پوشیدہ رکھا تا کہ لوگ سب مسلمانوں کی تعظیم کریں ۔ (6)
________________________________
1 - آداب مرشد کامل ، ص ۱۲۵ ۔
2 - پ۳ ، اٰل عمران : ۳۷ ۔
3 - پ۱۶ ، مریم : ۲۵ ۔
4 - پ۱۵ ، الکھف : ۱۱ ۔
5 - پ۱۹ ، النمل : ۴۰ ۔
6 - تفسیر کبیر ، پ۳۰ ، القدر ، تحت الآیة : ۱ ، ۱۱ / ۲۲۹ ۔