سوال کیا کوئی ایسازمانہ بھی آئے گا کہ جب کسی کے ہاں اولاد پیدا نہ ہوگی ؟
جواب جی ہاں ! قریبِ قیامت حضرتِ سَیِّدُنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی وفات کے بعد جب تمام مسلمانوں کی روح قبض کرلی جائے گی تب ایسا زمانہ آئے گا جس میں کسی کے اولاد نہ ہوگی ۔ (1)
سوال قربِ قیامت میں کس ہستی کے سانس کی خوشبو حَدِّ نگاہ تک پہنچے گی؟
جواب حضرت سَیِّدُنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی سانس کی خوشبو وہاں تک پہنچے گی جہاں تک اُن کی نظر جائے گی ۔ (2)
سوال امام مہدی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کب اور کہاں ظہور فرمائیں گے ؟
جواب رمضان المبارک کے مہینے میں حرم شریف میں ظاہر ہوں گے ۔ (3)
سوال یاجوج ماجوج کون ہیں؟
جواب حضرتِ سَیِّدُنا نوح عَلَیْہِ السَّلَام کے بیٹے یافث بن نوح کی اولاد میں سے ایک بڑے فسادی گروہ کا نام یاجوج ماجوج ہے ، یہ بے حد جنگجو ، خونخوار ، وحشی و جنگلی جانوروں کی طرح رہتے ہیں ۔ موسم بہار میں اپنے غاروں سے نکل کر تمام کھیتیاں اور سبزیاں کھا جاتے اورخشک چیزیں لاد کر لے جاتے تھے اور یہ آدمیوں اور جنگلی جانوروں تک کو کھا جاتے تھے ۔ حضرت ذُوالقرنین نے دیوار ( سدِّسکندری) بنا کر اِن کو ایک جگہ قید کردیا تھا ۔ (4)
________________________________
1 - بہارِ شریعت ، حصہ اول ، ۱ / ۱۲۷ ۔
2 - ترمذی ، کتاب الفتن ، باب ما جاء فی فتنة الدجال ، ۴ / ۱۰۴ ، حدیث : ۲۲۴۷ ۔
3 - مرقاة المفاتیح ، کتاب الفتن ، باب اشراط الساعة ، ۹ / ۳۶۲ ، تحت الحدیث : ۵۴۶۱ ، بہار شریعت ، حصہ اول ، ۱ / ۱۲۴ ۔
4 - التذکرة ، باب ما جاء فی نقب یاجوج وماجوج ۔ ۔ ۔ الخ ، ص۶۳۷- ۶۳۸ ۔