سوال قیامت کے عذاب وثواب اور قبر کے عذاب وثواب میں کیا فرق ہے ؟
جواب حشر کے بعد بندوں کو جنت یا دوزخ میں داخل فرما کر ثواب یا عذاب دیا جائے گا ، برزخ میں جنت دوزخ کا ثواب و عذاب قبر میں پہنچتا ہے جسمِ میت وہاں نہیں پہنچتا ، لہٰذا دونوں عذابوں ثوابوں میں فرق ہے ۔ عذابِ قبر روح کو ہے جسم اُس کے تابع مگر حشر کے بعد والا عذاب و ثواب روح وجسم دونوں کو ہوگا ۔ (1)
قیامت کی نشانیاں
سوال قربِ قیامت کے وقت کونسی چیزیں زمین سے اُٹھالی جائیں گی؟
جواب ( 1) قرآنِ مجید ( پہلے مُصْحفوں سے اس کے بعدلوگوں کے دلوں سے ) ( 2) تمام عُلوم ( 3) حجرِ اَسْوَد ( 4) مقامِ ابراہیم ( 5) حضرت سَیِّدُنا موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کا تابوت اور ( 6) سَیحون ، جَیحون ، دِجلہ ، فُرات اورنیل ، یہ پانچ نہریں ۔ جب یہ تمام چیزیں روئے زمین سے اٹھالی جائیں گی تولوگ دِین ودنیا کی بھلائیوں سے محروم ہو جائیں گے ۔ (2)
سوال قیامت سے کتنے سال پہلے تمام مسلمانوں کی روح قبض کرلی جائے گی؟
جواب قیامت سے چالیس سال قبل تمام مسلمانوں کی روح قبض کرلی جائے گی اور وہ اِس طرح کہ ایک خوشبودار ٹھنڈی ہواچلے گی جس سے تمام مسلمان فوت ہو جائیں گے ۔ (3)
________________________________
1 - مرآۃ المناجیح ، ۱ / ۱۲۶ ۔
2 - التفسیر الوسیط ، پ۱۸ ، المؤمنون ، تحت الآیة : ۱۸ ، ۳ / ۲۸۶ ۔ ۲۸۷ ۔
عمدۃ القاری ، کتاب الحج ، تحت الحدیث : ۱۵۹۱ ، ۷ / ۱۵۵ ۔
3 - مسلم ، کتاب الفتن ۔ ۔ ۔ الخ ، باب ذکر الدجال ۔ ۔ ۔ الخ ، ص۱۲۰۱ ، حدیث : ۷۳۷۳ ، بہار شریعت ، حصہ اول ، ۱ / ۱۲۷ ۔