سوال سب سے پہلے آگ کی پوجا کس نے کی؟
جواب حضرت سیدنا ہابیل رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہکے قاتل بھائی ”قابیل “نے شیطان کے کہنے پرسب سے پہلے آگ کی پوجا کی ۔ (1)
سوال قابیل کو اپنے بھائی کے قتل کے جُرم میں کیا سزا دی گئی ؟
جواب قابیل کو اپنے بھائی کے قتل کے جُرم میں کافی سزائیں ملیں ۔ اُس کا ایک پاؤں ران اور پنڈلی سے چمٹ گیا ، قیامت تک کے لیے اُس کا چہرہ سورج سے جوڑ دیا گیا ، اب گرمیوں میں اُسے آگ سے جلایا جاتا ہے اور سردیوں میں برف سے تکلیف دی جاتی ہے ۔ (2) ایک اور حدیث شریف کے مطابق دنیا میں کوئی بھی ناحق قتل ہوتاہے تو اُس کا گناہ قابیل کے نامۂ اَعمال میں بھی درج کیا جاتا ہے کیونکہ اُسی نے قتل اِیجاد کیا تھا ۔ (3)
سوال سب سے پہلے کس شخص نے شہراور قلعے بنائے ؟
جواب حضرت سیدنا شیث بن آدم عَلَیْہِمَا السَّلَام کے پڑپوتے مہاییل نے سب سے پہلے درخت کاٹ کرشہروں کی بنیاد یں ڈالیں اور بڑے بڑے قلعے تعمیر کئے ۔ (4)
سوال کس بے جان چیز نے خانۂ کعبہ کا حج و طواف کیا حالانکہ اس پر واجب نہ تھا؟
جواب حضرت سیِّدُنا نوح نَـجِیُّ اللہ عَلَیْہِ السَّلَام کی کشتی نے ۔ (5)
________________________________
1 - روح البیان ، پ۶ ، المائدة ، تحت الآیة : ۳۱ ، ۲ / ۳۸۲ ۔
2 - روح البیان ، پ۶ ، المائدة ، تحت الآیة : ۳۱ ، ۲ / ۳۸۲ ۔
3 - بخاری ، کتاب احادیث الانبیاء ، باب خلق آدم الخ ، ۲ / ۴۱۳ ، حدیث : ۳۳۳۵ ۔
4 - البدایة والنھایة ، ذکر وفاة ادم ووصیتہ الخ ، ۱ / ۱۵۸ ۔
5 - الروض الفائق ، المجلس السابع والاربعون فی مناقب الصالحین رضی اللہ عنھم ، ص ۲۷۲ ۔