سوال حدیث شریف میں تقویٰ کے لئے کس چیز کو لازمی قرار دیا ہے ؟
جواب حضورنبی ٔرحمت ، شفیعِ امَّت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : تم اس وقت تک متقی وپرہیزگار نہیں بن سکتے جب تک عاجزی وانکساری اختیار نہ کرلو ۔ (1)
سوال حدیثِ مبارکہ میں کس عالم کی صحبت میں بیٹھنے کا حکم دیا گیا ہے ؟
جواب حضور تاجدارمکۂ مکرمہ ، سلطانِ مدینۂ منورہصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا : ہر عالم کے پاس نہ بیٹھو ، صرف اسی عالم کے پاس بیٹھو جو تمہیں پانچ چیزوں سے پانچ خصلتوں کی طرف بُلائے : ( 1) شک سے یقین کی طرف ( 2) عداوت سے خیر خواہی کی طرف ( 3) تکبر سے عاجزی کی طرف ( 4) ریاکاری سے اخلاص کی طرف اور ( 5) دنیا کی رغبت سے بے رغبتی کی طرف ۔ (2)
سوال مال کے سبب کسی مال دارکے لئے تواضع کرنے کی کیا وعید ہے ؟
جواب روایت میں ہے کہ جس نے کسی مال دار کے لئے اس کے مال کے سبب تواضع کی ا س کا دو تہائی دین جاتا رہا ۔ (3)
سوال لوگوں کے درمیان عاجزی کے الفاظ استعمال کرنا کب منع ہے ؟
جواب اپنے لئے عاجزی کے الفاظ کااستعمال اُس صورت میں ریا کاری ہے جبکہ رِیاکاری کی نیّت ہو اوریہ گناہ ہے ا ور اسی طرح اگر صرف زبان سے عاجزی کے الفاظ کہہ رہا ہو اور دل میں یہ کیفیت نہ ہو تو مُنافَقت ہے اور یہ بھی گناہ ہے ۔ (4)
________________________________
1 - معجم کبیر ، ۱۰ / ۹۰ ، حدیث : ۱۰۰۴۸ ۔
2 - حلیة الاولیاء ، شقیق البلخی ، ۸ / ۷۵ ، حدیث : ۱۱۴۱۷ ۔
3 - شعب الایمان ، باب فی الصبر علی المصائب ، فصل فی الذکر مافی الاوجاع الخ ، ۷ / ۲۱۳ ، حدیث : ۱۰۰۴۳ ۔
4 - نیکی کی دعوت ، ص۸۰ ۔