Brailvi Books

دلچسپ معلومات ( حصہ 2)
138 - 360
سوال	بحالتِ اِحْرام اگر وُضو کرنے میں بال جھڑیں تو کیا اِس پر بھی کفّارہ ہے ؟ 
جواب	وُضو کرنے میں ، کُھجانے میں یا کنگھا کرنے میں اگر دویا تین بال گرے تو ہر بال کے بدلے میں ایک ایک مُٹّھی اَناج یا ایک ایک ٹکڑا روٹی یا ایک چُھوارا خیرات کریں اور تین سے زِیادہ گرے تو صَدَقہ دینا ہوگا ۔  (1) 
سوال	احرام میں خوشبو لگالی اور کفارہ بھی دے دیا تو اب لگی رہنے دیں یا کیا کریں؟ 
جواب	خوشبو لگاناجب جُرم قرار پایا تو بدن یا کپڑے سے دُور کرنا واجِب ہے اور کفّارہ دینے کے بعد اگر زائل (  یعنی دُور) نہ کیا تو پھر دَم وغیرہ واجِب ہوگا ۔  (2) 
سوال	مُحْرِم نے اگربھول کرسِلا ہوا لباس پہن لیا اور یاد آتے ہی اُتار دیا تو کوئی کفّارہ وغیرہ ہے یا نہیں؟ 
جواب	کفّارہ ہے ! اگرچہ ایک لمحے کے لیے پہناہو ۔ جان بوجھ کرپہناہویابُھولے سے ’’صَدَقہ‘‘واجِب ہوگیااور اگر چارپَہریا اس سے زیادہ چاہے لگاتار کئی دِن تک پہنے رہا’’دَم‘‘واجِب ہوگا ۔  (3) 
سوال	رحمتِ عالمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے کتنے عمرے اور فرضیتِ حج کے بعد کتنے حج کئے ؟ 
جواب	مفتی احمد یارخان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْمَنَّان فرماتے ہیں :  حضورنبیِ پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے بعدفرضیتِ حج صرف ایک حج کیا ، عمرے کل چارکئے ۔  (4) 



________________________________
1 -     المسلک المتقسط ، باب الجنایات ، فصل فی سقوط الشعر ، ص۳۲۷  ۔ 
2 -     فتاوی ھندیة ، کتاب المناسک ، الباب الثامن فی الجنایات ، ۱ /  ۲۴۱ ۔ 
3 -     فتاوی ھندیة ، کتاب المناسک ، الباب الثامن فی الجنایات ، ۱ /  ۲۴۲ ۔ 
4 -     مرآۃ المناجیح ، ۴ /  ۱۰۸ ۔