سوال کیا موت کوبھی موت آئے گی؟
جواب جی ہاں ! جب جنتی جنت میں اور جہنمی جہنم میں چلے جائیں گے تواس وقت موت کوجنت اور جہنم کے درمیان مینڈھے کی شکل میں لاکر ذبح کردیاجائے گا ۔ (1)
میت کا غسل اور کفن
سوال میّت کوغسل دینے کے لیے مشرق ومغرب کی سمت لِٹائیں یا شمال وجنوب ؟
جواب ہر طرح درست ہے ، اَصَح مذہب کے مطابق اس بارے میں کوئی تعیین وقید نہیں لہٰذاجو صورت میسّر ہو اُس پر عمل کریں ۔ (2)
سوال میت کو غسل دیتے وقت کلی کس طرح کروائی جائے ؟
جواب میت کو غسل دیتے وقت نہ کلی کروائی جائے اور نہ ہی ناک میں پانی ڈالا جائے ۔ ہاں کوئی کپڑا یا روئی بھگو کر دانتوں ، مسوڑھوں ، ہونٹوں اور نتھنوں پر پھیر دیں ۔ (3)
سوال میت کے بال کاٹنا یا کنگھی کرنا کیسا؟
جواب میّت کی داڑھی یا سر کے بالوں میں کنگھا کرنا یا ناخن تراشنا یا کسی جگہ کے بال مونڈنا ، کترنا یا اُکھاڑنا ناجائز و مکروہِ تحریمی ہے بلکہ حکم یہ ہے کہ جس حالت پر ہے اُسی حالت میں دفن کر دیں ، ہاں اگر ناخن ٹوٹا ہو تو لے سکتے ہیں اور اگر ناخن یا بال تراش ليے تو کفن میں رکھ دیں ۔ (4)
________________________________
1 - بخاری ، کتاب التفسیر ، باب وانذرھم یوم الحسرة ، ۳ / ۲۷۱ ، حدیث : ۴۷۳۰ ۔
2 - ماخوذ از فتاویٰ رضویہ ، ۹ / ۹۱ ۔
3 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی والعشرون فی الجنائز ، ۱ / ۱۵۸ ۔
4 - فتاوی ھندیة ، کتاب الصلاة ، الباب الحادی والعشرون فی الجنائز ، ۱ / ۱۵۸ ۔
ردالمحتار ، کتاب الصلاة ، باب صلاة الجنازة ، مطلب فی القراءة عند المیت ، ۳ / ۱۰۴ ۔