سوال:ایصالِ ثواب کا کھانا کون کون کھا سکتا ہے؟
جواب:ایصالِ ثواب کا کھانا خود بھی کھاسکتے ہیں اور اپنے عزیز و اَقرباء و اَحبّاء،اَغنیاء و فقراء سب کو کھلاسکتے ہیں۔
سوال:کیا فاتحہ میں کھانے کا سامنے ہونا ضروری ہے؟
جواب: کھانے کا سامنے ہونا ضروری نہیں۔ سامنے کھانا رکھے بغیر بھی فاتحہ پڑھی جاسکتی ہے لیکن کھانے کا سامنے ہونا منع بھی نہیں،معمول ہے اور پڑھ کر اس پر دم بھی کیا جاتا ہے جس سے وہ بابرکت ہوجاتا ہے ،اس میں حرج نہیں ۔
سوال:محرّمُ الحرام میں پانی یا شربت کی سبیل لگانا کیسا ہے؟
جواب:پانی یا شربت کی سبیل لگانا جبکہ نیّت اچھی ہو اور مقصود خالصاللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کی رضا اور ارواحِ طیّبہ ائمّہ اطہارکو ثواب پہنچانا ہوتو بلا شبہ بہتر ومستحب و کارِثواب ہے۔ حدیث میں ہے:رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰ لِہٖ وَسَلَّم فرماتے ہیں:جب تیرے گناہ زیادہ ہوجائیں تو پانی پر پانی پلا ، تو تیرے گناہ اس طرح جھڑ جائیں گے جیسے سخت آندھی میں پیڑ کے پتّے جَھڑ جاتے ہیں۔(1)
سوال:کیاگیارہویں شریف کی نیازکرنا جائز ہے؟
جواب:گیارہویں شریف کی نیازدلانا جائز ہے۔یہ ہم حضور سیّدُنا غوثِ پاک رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی بارگاہ میں ایصالِ ثواب کرنے کے لئے کرتے ہیں اور یہ عمل جائز و مستحسن اور باعثِ اَجر وثواب ہے بزرگوں سے نسبت و محبّت کی علامت ہے جو سعادت مندی کی دلیل ہے ۔
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
… تاریخ بغداد، ۶/۴۰۰، رقم:۳۴۶۴