Brailvi Books

بنیادی عقائد اورمعمولاتِ اہلسنّت
75 - 132
سوال:نوعمروں میں سے سب سے پہلے کس نے اسلام قبول کیا؟
جواب:نو عمروں میں حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سب سے پہلے اسلام لائے۔ اسلام لانے کے وقت آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی عمر شریف پندرہ یا سولہ سال یا اس سے کچھ کم و زیادہ تھی۔
سوال: مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ کون ہیں ،ان کے بارے میں کچھ بتائیے؟
جواب:خلیفۂ چہارم امیرُ المؤمنین حضرت علی بن ابی طالب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ ہیں۔ آپ کا اسم مبارک علی اور کنیت ابو الحسن اور ابو تراب ہے۔ آپ کا رنگ گندمی، آنکھیں بڑی،قد مبارک غیر طویل، داڑھی چوڑی اور سفید تھی۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ ، حضرت عثمان رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی وفات کے دن خلیفہ بنائے گئے۔(1)
سوال:حضرت علی کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کا لقب کیا ہے؟
جواب:اسدُاللّٰہ یعنی اللّٰہ کا شیر۔
سوال:حضرت علیُّ المرتضیٰ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا حضور صَلَّى اللهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَاٰلِهٖ وَسَلَّم سے کیا رشتہ ہے؟
جواب:حضور نبی کریم صَلَّى اللهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَاٰلِهٖ وَسَلَّم کی صاحبزادی خاتونِ جنت حضرت فاطمۃُ الزّہراء رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی زوجۂ محترمہ تھیں۔
سوال:حضرت سیّدنا علی مشکل کشا رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی وفات کب ہوئی؟
جواب:آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ 21رمضان  40ھ کو چار سال نو مہینے اورچند روز خلافت فرما کر تریسٹھ سال کی عمر میں ایک خارجی عبد الرحمٰن ابن ملجم کے ہاتھوں کوفہ میں شہید ہوئے ۔
٭…٭…٭…٭…٭…٭
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
… کتاب العقائد،ص۴۵