جواب: (1) اگر یہ کہا: خدا مجھے اس کام کے لیے حکم دیتا جب بھی نہ کرتا تو کافر ہے۔ (2)ایک نے دوسرے سے کہا: میں اور تم خدا کے حکم کے موافق کام کریں دوسرے نے کہا: میں خدا کا حکم نہیں جانتا، یا کہا: یہاں کسی کا حکم نہیں چلتا۔ (3)کوئی شخص بیمار نہیں ہوتا یا بہت بوڑھا ہے مَرتا نہیں اس کے لیے یہ کہنا کہ اسے اللہ میاں بھول گئے ہیں ۔(4)کسی زبان دَراز آدمی سے یہ کہنا کہ خدا تمھاری زبان کا مقابلہ کر ہی نہیں سکتا میں کس طرح کروں یہ کفر ہے۔ (5)ایک نے دوسرے سے کہا: اپنی عورت کو قابو میں نہیں رکھتا، اس نے کہا: عورتوں پر خدا کو تو قدرت ہے نہیں، مجھ کو کہاں سے ہوگی۔
سوال: اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے لیے مکان ثابت کرنے کا کیا حکم ہے ؟
جواب: خدا کے لیے مکان ثابت کرنا کفر ہے کہ وہ مکان سے پاک ہے یہ کہنا کہ اوپر خدا ہے نیچے تم یہ کلمہ کفرہے۔
سوال:جوکہے میں جہنم سے یا عذاب سے نہیں ڈرتا اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب: کسی سے کہا: گناہ نہ کر، ورنہ خدا تجھے جہنم میں ڈالے گا، اس نے کہا: میں جہنم سے نہیں ڈرتا، یا کہا: خدا کے عذاب کی کچھ پروا نہیں۔ یا ایک نے دوسرے سے کہا: تو خدا سے نہیں ڈرتا؟ اُس نے غصّہ میں کہا: نہیں، یا کہا: خدا کیا کر سکتا ہے اس کے سوا کیا کر سکتا ہے کہ دوزخ میں ڈا لدے۔ یا کہا: خدا سے ڈر، اس نے کہا: خدا کہاں ہے؟ یہ سب کفر کے کلمات ہیں۔
سوال: اگر کوئی یہ کہے میں اِنْ شَآءَ اللہ کے بغیر کام کروں گا تو کیا حکم ہے؟
جواب: کسی سے کہا: اِنْ شَآءَ اللہ تم اس کام کو کرو گے، اس نے کہا: میں بغیر اِنْ شَآءَ اللہ کرونگا یا ایک نے دوسرے پر ظلم کیا مظلوم نے کہا: خدا نے یہی مُقدّر کیا تھا، ظالم نے کہا: میں بغیر اللہ (عَزَّ وَجَلَّ) کے مُقدّر کیے کرتا ہوں، یہ کفر ہے۔