مسواک کی سُنّتیں اور آداب :
دوفرامیْنِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم مُلاحَظہ ہوں : (1)…دو رَکْعَت مِسْواک کرکے پڑھنا بغیر مِسْواک کی ستّر( 70) رَکعتوں سے افضل ہے ۔ (1) (2)…مسواک کا اِستعمال اپنے لئے لازم کر لو کیونکہ اِس میں مُنہ کی صفائی اور( یہ) ربّ تعالیٰ کی رِضا کا سبب ہے ۔ (2) ٭ … حضرت سیِّدُنااِبنِ عبّاسرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاسے روایت ہے کہ مِسواک میں دس خُوبیاں ہیں : منہ صاف کرتی ، مَسُوڑھے کو مضبوط بناتی ہے ، بینائی بڑھاتی ، بلغم دُور کرتی ہے ، مُنہ کی بدبوختم کرتی ، سنّت کے مُوافِق ہے ، فرشتے خوش ہوتے ہیں ، رَبّعَزَّ وَجَلَّراضی ہوتاہے ، نیکی بڑھاتی اورشیطان کوغضبناک کرتی ہے ۔ (3) ٭ … حضرت سیِّدناامام شافعیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں کہ چار چیزیں عقل بڑھاتی ہیں : فُضُول باتوں سے پرہیز ، مِسْواک کا استِعمال ، صُلَحا یعنی نیک لوگوں کی صحبت اور اپنے علم پر عمل کرنا ۔ (4) ٭ … مِسْوا ک پیلو یا زیتون یانیم وغیرہ کڑوی لکڑی کی ہو ، مسواک کی موٹائی چھنگلیایعنی چھوٹی اُنگلی کے برابرہو ۔ ٭ … مسواک جب ناقابلِ استعمال ہوجائے تو پھینک مت دیجئے کہ یہ آلَۂ ادائے سنّت ہے ، کسی جگہ اِحتیاط سے رکھ دیجئے یادفن کردیجئے یا پتھروغیرہ وزن باندھ کر سَمُندر میں ڈبود یجئے ۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
________________________________
1 - مسند احمد ، مسند السیدة عائشة ، ۱۰ / ۱۴۱ ، حدیث : ۲۶۴۰۰
2 - مسند احمد ، مسند عبداللّٰہ بن عمر بن خطاب ، ۲ / ۴۳۸ ، حدیث : ۵۸۶۹
3 - دار قطنی ، کتاب الطهارة ، باب السواک ، ۱ / ۸۴ ، حدیث : ۱۵۷
4 - احیاء العلوم ، کتاب اداب الاکل ، فصل یجمع ادابا ومناھی...الخ ، ۲ / ۲۷