ایک عاشِقِ رسول سے مُلاقات کی سَعادت ملی اور اُس نے مَحبَّت و پیار سے اِنْفرادی کوشش کرتے ہوئے مجھ پاپی و بدکار کو مَدَنی قافلے میں سفرکے لئے تیّار کیا ۔ چُنانچِہ میں عاشِقانِ رسول کے ہمراہ تین دن کے مَدَنی قافلے کامُسافِر بن گیا ۔ نہ جانے عاشِقانِ رسول نے تین دن کے اندرکیاگَھول کر پِلا دیا کہ مجھ جیسے ڈِھیٹ انسان کا پتّھرنُمادل جوماں باپ کے آنسوؤں سے بھی نہ پِگھلتا تھا ، مَوم بن گیا ، میرے دل میں مَدَنی اِنقلاب برپا ہو گیااور میں مَدَنی قافِلے سے نمازی بن کر لوٹا ۔ گھر آ کر میں نے سلام کیا ، والِد صاحِب کی دَست بوسی کی اوراَمّی جان کے قدم چُومے ۔ گھر والے حیران تھے کہ اسے کیاہوگیا!کل تک جو کسی کی بات سننے کے لئے تیّارنہیں تھا ، وہ آج اتناباادب بن گیاہے !اَلْحَمْدُلِلّٰہعَزَّ وَجَلَّ!مَدَنی قافلے میں عاشقانِ رسول کی صحبت نے مجھے یکسر بدل کر رکھ دیااور یہ بیان دیتے وقَت مجھ سابقہ بے نمازی کو مُسلمانوں کو نمازِ فجرکے لئے جگانے یعنی صَدائے مدینہ(1) لگانے کی ذِمّہ داری ملی ہوئی ہے ۔
کر سفر آئیں گے تو سُدھر جائیں گے اب نہ سستی کریں ، قافلے میں چلو(2)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!بَیان کو اِختِتام کی طرف لاتے ہوئے سُنّت کی فضیلت اورچندسنّتیں اورآداب بَیان کرنے کی سعادت حاصِل کرتاہوں ۔ مصطَفٰے جانِ رحمتصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکافرمانِ جَنَّت نشان ہے : ’’ جس نے میری سُنّت سے مَحَبَّت کی اُس نے مجھ سے مَحَبَّت کی اورجس نے مجھ سے مَحَبَّت کی وہ جَنَّت میں میرے ساتھ ہوگا ۔ ‘‘ (3)
________________________________
1 - دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول میں مُسلمانوں کونمازِ فجر کے لئے جگانے کو صَدائے مدینہ لگانا کہتے ہیں ۔
2 - وسائل بخشش مرمم ، ص۶۷۲
3 - ترمذی ، کتاب العلم ، باب ماجاءفی الاخذبالسنة...الخ ، ۴ / ۳۰۹ ، حدیث : ۲۶۸۷