حضرت رافع بن خدیج رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے، فرماتے ہيں: خاتم المرسلین، رحمۃللعالمین، شفیع المذنبین، انیس الغریبین، سراج السالکین، محبوب رب العٰلمین، جناب صادق و امین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمايا: صدقہ برائی کے ستّر دروازے بند کرتا ہے۔
حضرت منصور بن عمار رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ايک روز وعظ فرمارہے تھے،کسی حقدار نے چار درہم کا سوال کیا۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اعلان فرمایاجو اس کو چار درہم دے گا میں اس کے ليے چار دعائیں کروں گا۔ اس وقت وہاں سے ایک غلام گزر رہا تھا ایک ولی کامل کی رحمت بھری آواز سن کر اس کے قدم تھم گئے اور اس کے پاس جو چار درہم تھے وہ اس نے سائل کو پیش کرديئے۔ حضرت سیدنا منصور رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا: بتاؤ کون کون سی چار دعائیں کروانا چاہتے ہو؟ عرض کیا (۱) میں غلامی سے آزاد کر دیا جاؤں (۲) مجھے ان دراہم کا بدلہ مل جائے (۳) مجھے اور میرے آقا کو توبہ نصیب ہو (۴) میری، میرے آقا کی، آپ کی اور تمام حاضرین کی بخشش ہو جائے۔