حضرتِ سیِّدُنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مدینۃُ المُنَوَّرَہ زادھااللہ شرفاً وتعظیماً سے مصر کا سفر محض اس لیے اختیار کیا کہ حضرت عُقبہ بن عامررضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ایک حدیث سنیں چنانچہ یہ وہاں پہنچے اور حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اِستقبال کیا تو فرمانے لگے: میں ایک حدیث کے لیے آیا ہوں، جس کے سننے میں اب تمہارے سوا کوئی باقی نہیں۔ حضرت عقبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حدیث سنائی کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وٰلہ وسلم نے فرمایا:'' جس کسی نے مومن کی ایک برائی چُھپائی، قیامت کے دن اللہ عَزّوَجَلَّ اس کی پردہ پوشی کریگا۔''حضرت ابوایوب اَنصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ یہ حدیث سنتے ہی اپنے اُونٹ کی طرف بڑھے اور ایک لمحہ ٹھہرے بغیر مدینے واپس چلے گئے۔