پیارے اسلامی بھائیو! دعوتِ اسلامی کے سنّتوں کی تربیّت کے مَدَنی قافِلوں میں عاشِقانِ رسول کے ساتھ سنّتوں بھرا سفر کیجئے اور دونوں جہاں کی برکتیں حاصِل کیجئے۔ آپ کی ترغیب کیلئے مَدَنی قافِلے کی ایک اور بہار گزارش کرتا ہوں چُنانچِہ رنچھوڑ لائن ( بابُ المدینہ کراچی) کے ایک اسلامی بھائی کے بیان کاخُلا صہ ہے کہ ایک بار عاشِقانِ رسول کے تین دن کے مَدَنی قافِلے میں تقریباً 26 سالہ ایک اسلامی بھائی بھی شریکِ سفر تھے،وہ دُعاء میں بَہُت زیادہ گِریہ وزاری کرتے تھے۔ اِستِفسار پر بتایا کہ میری ایک ہی مَدَنی مُنّی ہے اور اُس کے چہرے پر داڑھی کے بال اُگنے شروع ہو گئے ہیں! اِس کی وجہ سے مجھے سخت تشویش ہے، ایکسرے اور ٹیسٹ وغیرہ سے سبب سامنے نہیں آ رہا اور کوئی بھی علاج کار گر نہیں ہو پا رہا ۔ان کی درخواست پر شُرکائے مَدَنی قافِلہ نے ان کی مَدَنی مُنّی کیلئے دعاء کی ۔ سفر مکمَّل ہو جانے کے بعد جب دوسرے دن اُس دُکھیارے اسلامی بھائی سے ملاقات ہوئی تو اُنہوں نے مُسرّت سے جُھومتے ہوئے یہ خوشخبری سنائی کہ بچّی کی امّی نے بتایا کہ آپ کے مَدَنی قافِلے میں سفر پر روانہ ہونے کے دوسرے ہی دن اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ حیرت انگیز طور پر مَدَنی مُنّی کے چہرے سے بال ایسے غائب ہوئے ہیں جیسے کبھی تھے ہی نہیں!